گلشنِ حدید میں 2روز کے دوران 2 سپر اسٹورز لٹ لیے
ملزمان قریبی گھروں کی چھتوں سے سپر اسٹورز میں داخل ہوئے ، فوٹیج سامنے آ گئی
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)گلشنِ حدید میں 2 روز کے دوران 2 ملزمان نے 2 سپر اسٹورز لوٹ لیے ۔گلشنِ حدید میں چوری کی 2 بڑی وارداتوں نے شہریوں کی تشویش میں اضافہ کر دیا ہے ۔اسٹورز مالکان کے مطابق دونوں وارداتیں 13 اور 14 دسمبر کی رات کو پیش آئیں، جب ملزمان قریبی گھروں کی چھتوں کے راستے سپر اسٹورز میں داخل ہوئے ۔نامعلوم ملزمان کے سپر اسٹورز میں چوری کرنے کی سی سی ٹی وی ویڈیوز سامنے آ گئی ہیں۔فوٹیج میں 2 ملزمان کو سپر اسٹورز سے نقدی سمیٹتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے ، وہ چھت کے راستے اندر آئے اور کیش کاؤنٹر توڑ کر بڑی رقم لے گئے ۔اسٹورز مالکان کے مطابق دونوں سپر اسٹورز سے 21 لاکھ روپے کی نقدی چرالی گئی ہے ، وارداتوں کی اطلاع پولیس دے دی گئی ہے ۔پولیس 2 دن گزرنے کے باوجود ملزمان کا سراغ لگانے میں ناکام رہی ہے ۔علاقہ مکینوں نے حالیہ واقعات کے باعث پولیس کی گشت بڑھانے اور ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے ۔پولیس کا کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی فوٹیجز کی مدد سے تحقیقات جاری ہیں۔