میرپور خاص:بلدیہ ملازمین کی مطالبات منظوری کیلئے قلم چھوڑ ہڑتال
دفاتر کی تالہ بندی، تنخواہ بڑھانے ، گریجویٹی ملنے ، پروموشن تک ہڑتال کا اعلانحکومتی آرڈر کے باوجود ملازمین کو پروموٹ نہیں کیا جا رہا، یونین رہنمامظہر عباسی
میرپور خاص (بیورو رپورٹ )بلدیہ ملازمین نے مطالبات منظور نہ ہونے پر دفاتر کی تالا بندی کرکے قلم چھوڑ ہڑتال کی۔ تفصیلات کے مطابق بلدیہ ملازمین نے تنخواہوں میں اضافہ، گریجویٹی کی رقم نہ ملنے سمیت پروموشن اور دیگر مطالبات کی منظوری تک دفاتر کی تالا بندی کرکے ہڑتال کردی ۔ اس موقع پر یونین رہنما مظہر عباسی و دیگر کا کہنا تھا کہ کئی سال سے ملازمین کو پروموٹ نہیں کیا جا رہا۔ حکومت کی جانب سے آرڈر کے باوجود پروموشن نہیں ہورہے۔
انھوں نے کہا درجنوں ملازمین بقایاجات کیلئے چکر لگا رہے ہیں، قسطوں میں گریجویٹی کی رقم دینا نا انصافی ہے۔ انھوں نے کہا کہ بجٹ میں ملازمین کی تنخواہوں میں جو اضافہ ہوا تھا وہ ابھی تک نہیں مل سکا، جبکہ تنخواہ کا ڈیفرنس بھی ملازمین کو نہیں دیا جارہا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی میرپورخاص سٹی کے صدر پیر عزت شاہ جیلانی نے ہم سے گزشتہ ہڑتال کے دوران وعدہ کیا تھا کہ میونسپل کارپوریشن ملازمین کے تمام جائز مطالبات جلد پورے کیے جائینگے، مگر وہ بھی وعدہ وفا نہ کرسکے۔