اتحاد ٹاؤن میں منی بس کی ٹکر سے پانچ سالہ بچہ جاں بحق،ڈرائیورفرار
کراچی (اسٹاف رپورٹر)شہر قائد میں ایک اور ٹریفک حادثہ، بلدیہ اتحاد ٹاؤن میں منی بس کی ٹکر سے پانچ سالہ بچہ جاں بحق، تفصیلات کے مطابق اتحاد ٹاؤن تھانے کی حدود بلدیہ اتحاد ٹاؤن میں تیز رفتار منی بس کی ٹکر سے پانچ سالہ بچہ جاں بحق ہو گیا۔
پولیس حکام کے مطابق حادثے میں جان بحق ہونے والے بچے کی شناخت پانچ سالہ برہان کے نام سے ہوئی ہے ۔پولیس کے مطابق حادثے کے فوراً بعد منی بس کا ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا، جبکہ بچے کی لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ بس کو تحویل میں لے کر تھانے منتقل کیا جا رہا ہے ۔پولیس حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والا بچہ دو بہن بھائیوں میں دوسرے نمبر پر تھا، جبکہ اس کا والد روزگار کے سلسلے میں سعودی عرب میں مقیم ہے ۔ واقعے کے بعد اہلِ خانہ پر غم کا پہاڑ ٹوٹ پڑا۔پولیس کا کہنا ہے کہ بس ڈرائیور کی تلاش اور واقعے سے متعلق مزید تفتیش جاری ہے۔