محراب پور:بچوں کے سامنے ماں قتل، حادثے میں نوجوان ہلاک
گاؤں معروف میں نامعلوم افراد نے گھر میں گھس کربشیراں کونشانہ بنایا، 6 افراد زخمیمورو میں گاڑی نے موٹر سائیکل کچل دی، محسن علی جاں بحق ، ڈرائیور گرفتار کرلیا گیا
محراب پور(نمائندہ دنیا)محراب پور میں بچوں کے سامنے ماں کوقتل کردیا گیا، جبکہ ماں کو بچاتے ہوئے بچوں سمیت 6 افراد زخمی ہوگئے ، ادھر مورو میں قومی شاہراہ پر حادثے میں نوجوان جاں بحق ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق محراب پور میں اکری تھانے کی حدود گاؤں محمد معروف شر میں نامعلوم مسلح افراد نے مختار شر کے گھر میں داخل ہوکرچار بچوں کی ماں 39 سالہ مسمات بشیراں زوجہ مختار شر کو گولیاں مار کر قتل کر دیا، ماں کو بچاتے ہوئے بچوں سمیت 6 افراد زخمی ہوگئے ، زخمی بچوں میں ریشماں شر، کاشفاں شر، شاہداں شر، تبسم شر، مصطفی شر اور طالب شر شامل ہیں، جنہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے ، پولیس کے مطابق لاش ضروری کارروائی بعد ورثا حوالے کر دی گئی ہے۔؎
ذرائع کے مطابق خاتون کو کاروکاری (سیاہ کاری) کا الزام لگا کر قتل کیا گیا ہے ، تاہم قتل کا اصل سبب زرعی اراضی کا تنازع ہے ، ایس ایس پی نے واقعہ کا نوٹس لے لیا ہے ۔ دوسری جانب ٹریفک حادثے میں نوجوان جاں بحق ہوگیا، مورو تھانے کی حدود میں قومی شاہراہ پر تاج پٹرول پمپ کے پاس تیز رفتار مزدا گاڑی کی ٹکر لگنے سے موٹر سائیکل سوار نوجوان محسن علی ولد نواز علی سولنگی جاں بحق ہوگیا، پولیس کے مطابق متوفی نوجوان کا تعلق جنترائی کے علاقے سے تھا، لاش ضروری کارروائی بعد ورثاء حوالے کر دی ہے ، مزدا ڈرائیور کو گرفتار کرکے گاڑی کو تحویل میں لے لیا گیا۔