سکھر پولیس کے ساتھ مبینہ مقابلے میں 2زخمی ڈاکو گرفتار

سکھر پولیس کے ساتھ مبینہ مقابلے میں 2زخمی ڈاکو گرفتار

اسلحہ برآمد، ملزمان سڑک پرواردات کے ارادے سے کھڑے تھے ، 2فرار، پولیسلاڑکانہ میں مبینہ ڈاکو قتل کے معاملے پر آئی جی کی تشکیل ٹیم پہنچ گئی، بیانات قلمبند

سکھر، لاڑکانہ (بیورو رپورٹس)تھانہ سانگی کی حدود ہنگورو لنک روڈ کے قریب پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان مبینہ مقابلہ ہوا، جس میں دو ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کرکے ان کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرنے کا دعویٰ کیا گیا، جبکہ ملزمان کے دو ساتھی فرار ہوگئے ۔ ترجمان پولیس کے مطابق ڈاکو واردات کے ارادے سے روڈ پر موجود تھے ، پولیس کو دیکھتے ہی فائرنگ کردی، تعاقب کے دوران دو ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا، جبکہ انکے 2 ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ، گرفتار زخمی ڈاکوؤں کی شناخت عمران جٹ اور منتظر بھٹی کے نام سے ہوئی، گرفتار ڈاکوؤں کے قبضے سے دو عدد ٹی ٹی پستول، میگزین، مع گولیاں اور تیزدھار کٹر برآمد کئے گئے ۔ گرفتار ڈاکو چوری ڈکیتی پولیس مقابلوں سمیت متعدد سنگین وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھے۔

جبکہ فرار ڈاکوؤں کی گرفتاری کیلئے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے ۔ زخمی ڈاکوؤں کے کرمنل ریکارڈ کی معلومات مختلف تھانوں اور دیگر اضلاع سے حاصل کی جا رہی ہیں۔ دوسری جانب لاڑکانہ شہر کے تھانہ حیدری کی حدود میں پولیس اہلکار کی جانب سے سرعام گولیاں مار کر مبینہ ڈاکو علی گل کلہوڑو کو قتل کرنے کے معاملے پر واقعہ کی تحقیقات کے لیے آئی جی کی تشکیل ٹیم ڈی آئی جی آفس پہنچ گئی، جہاں ٹیم کے سربراہ ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی ذوالفقار لاڑک، ایس ایس ایس جیکب آباد کلیم ملک اور ایس ایس پی خیرپور سمیع اﷲ سومرو نے علی گل کلہوڑو کے ورثا اور دیگرکے بیانات قلمبند کئے ۔ واضح رہے کہ تحقیقاتی ٹیم تین میں رپورٹ آئی جی کو ارسال کریگی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں