گرل فرینڈ کی بیوفائی سے دلبرداشتہ ہوکراقدام خودسوزی
عبدالرحمان نے اسپتال کے باتھ روم میں خود کو آگ لگائی، 80 فیصد جھلس گیا
کراچی (اسٹاف رپورٹر)گرل فرینڈ کی بے وفائی، بلدیہ کے نجی اسپتال میں شہری کی خودسوزی کی کوشش، 80 فیصد جھلس گیا ۔تفصیلات کے مطابق سعید آباد میں واقع مرشد اسپتال کے واش روم میں ایک شخص نے خود کو آگ لگا کر خودکشی کی کوشش کی۔ اطلاع ملتے ہی سعیدآباد پولیس کی نفری اسپتال پہنچ گئی۔پولیس کے مطابق جھلسنے والے شخص کی شناخت 45 سالہ عبدالرحمان کے نام سے ہوئی ہے ، جو مواچھ گوٹھ کا رہائشی ہے ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ عبدالرحمان نے اسپتال کے باتھ روم میں خود کو آگ لگائی، جس کے نتیجے میں اس کا جسم 80 فیصد تک جھلس گیا۔زخمی کو فوری طور پر سول اسپتال کے برنس وارڈ منتقل کر دیا گیا، جہاں اس کا علاج جاری ہے۔
پولیس کے مطابق ابتدائی بیان میں زخمی شخص نے خودکشی کی کوشش کی وجہ بھی بیان کر دی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ عبدالرحمان کی نیازی کالونی کی رہائشی ایک لڑکی سے دوستی تھی، جس نے اس سے 50 ہزار روپے مانگے تھے جو اس نے ادا کر دیے ۔ عبدالرحمان کے مطابق بعد ازاں اس نے اسی لڑکی کو کسی اور شخص کے ساتھ دیکھا، جس پر وہ شدید دلبرداشتہ ہو گیا اور خودکشی کا فیصلہ کر لیا۔پولیس کے مطابق واقعے سے متعلق مزید قانونی کارروائی کی جا رہی ہے، جبکہ زخمی کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔