سہیل آفریدی کو برگر کھلائیں اور اجرک پہنائیں گے ،میئر
نعمت اللہ خان، عبدالستار افغانی اور مصطفی کمال فوجی آمر دور کے میئر تھے ، مرتضیٰ وہاب
کراچی(آن لائن)میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ نعمت اللہ خان، عبدالستار افغانی اور مصطفی کمال فوجی آمر دور میں شہر قائد کے میئر رہے ہیں۔اولڈ سٹی ایریا، رنچھوڑ لائن تاریخی حسن علی ہوتی مارکیٹ کی تزئین و آرائش اور بحالی کے بعد باقاعدہ افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میئر کراچی کا کہنا تھا کہ سہیل آفریدی ایک پبلک نمائندہ ہیں، کراچی آمد پر کے ایم سی انہیں خوش آمدید کہے گی۔ انہوں نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ آفریدی صاحب آئیں گے تو حسن علی ہوتی مارکیٹ میں برگر کھلائیں گے اور انہیں اجرک بھی پہنائیں گے۔
میئر کراچی نے ماضی کے میئرز سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ نعمت اللہ خان، عبدالستار افغانی اور مصطفی کمال فوجی آمر کے دور کے میئرز تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کے ایم سی کے وسائل میں اضافہ ہوا ہے جس کے باعث تاریخی مارکیٹوں کی بحالی ممکن ہو رہی ہے ۔ شہر میں پانی کے مسائل کے حل کیلئے کے فور منصوبے ، حب کینال اور دیگر اسکیموں پر کام جاری ہے ۔ نئی بسیں بھی کراچی آ رہی ہیں۔ آئندہ ڈیڑھ سال میں ترقیاتی کام واضح طور پر نظر آئیں گے ۔