منشا بٹ نے یو سی گوہد پور میں سڑک کا افتتاح کردیا
نیا سال پاکستان کیلئے ترقی اور خوشحالی کا سال ثابت ہوگا:صوبائی وزیر محنت
سیالکوٹ (نمائندہ دنیا )صوبائی وزیر محنت و افرادی قوت محمد منشا اﷲ بٹ نے چیف منسٹر ترقیاتی پروگرام کے تحت مغل پورہ تا اکبر آٹوز، یونین کونسل گوہد پور میں نئی روڈ کا باقاعدہ افتتاح کردیا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومتِ پنجاب وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کے ویڑن کے مطابق عوامی سہولیات کی فراہمی اور بنیادی ڈھانچے کی بہتری کیلئے ترجیحی بنیادوں پر ترقیاتی منصوبے مکمل کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ سڑک کی تعمیر سے مغل پورہ اور شریف پورہ کے علاقوں میں آمد و رفت میں آسانی پیدا ہوگی اور علاقہ مکینوں کے معیارِ زندگی میں بہتری آئے گی۔ منشاء اﷲ بٹ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت عوامی مسائل کے حل کیلئے عملی اقدامات کر رہی ہے اور ترقیاتی فنڈز شفاف انداز میں عوامی فلاح و بہبود پر خرچ کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ میاں نواز شریف کی قیادت میں وفاقی و صوبائی حکومتیں ملک کی تعمیر، ترقی اور استحکام کیلئے مشترکہ طور پر کام کر رہی ہیں۔صوبائی وزیر نے اس امید کا اظہار کیا کہ نیا سال پاکستان کیلئے ترقی اور خوشحالی کا سال ثابت ہوگا۔