ہیوی ٹریفک کیلئے مخصوص لین مختص کرنے کا فیصلہ

ہیوی ٹریفک کیلئے مخصوص لین مختص کرنے کا فیصلہ

انتظامیہ نے ہیوی ٹریفک کیلئے رفتار کی حد 30 کلو میٹر رکھنے کا حکم جاری کر دیا ٹریفک پولیس حادثات کی روک تھام کیلئے موثر اقدامات کرے ،کمشنر کی ہدایت

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)ہیوی ٹریفک سے بڑھتے حادثات کے بعد انتظامیہ کو ہوش آگیا، کمشنر کراچی سید حسن نقوی کی زیرِ صدارت اجلاس میں اہم فیصلہ کر لیا گیا۔کراچی انتظامیہ نے ہیوی ٹریفک کیلئے مخصوص لین مختص کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے اس پر رفتار کی حد 30 کلو میٹر رکھنے کا حکم جاری کر دیا ہے ۔ فیصلے میں کہا گیا کہ ہیوی ٹریفک صرف اپنی مخصوص لین پر مقررہ رفتار میں چلنے کی پابند ہوں گی۔کمشنر کراچی کی زیر صدارت اجلاس میں ٹریفک حادثات کی روک تھام اور ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کیلئے موثر انفورسمنٹ کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلا س میں ٹرانسپورٹرز، ایڈیشنل آئی جی پولیس آزاد خان، سیکریٹری ٹرانسپورٹ اور ڈی آئی جی ٹریفک نے شرکت کی۔

اجلاس میں گڈز ٹرانسپورٹرز کی پارکنگ کا مسئلہ، ایچ ٹی وی لائسنس کے اجرا اور انشورنس کیلئے رجسٹریشن سمیت مختلف مسائل پر غور کیا گیا۔کمشنر کراچی نے ہدایت کی کہ ٹریفک پولیس حادثات کی روک تھام کیلئے موثر اقدامات کرے اور قوانین پر سختی سے عمل کروائیں، پارکنگ سمیت ٹرانسپورٹرز کے تمام مسائل ہر ممکنہ طور پر حل کیے جائیں گے ۔بریفنگ میں کہا گیا کہ ٹریفک حادثات کی روک تھام کی کوششوں کو موثر بنانے کیلئے مائی کلاچی سے قیوم آباد پل تک ہیوی ٹریفک کیلئے علیحدہ مخصوص ایچ ٹی وی لین مختص کی جائے گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں