حیدر آباد:اسمال انڈسٹری میں کرپشن، ملازمین تنخواہوں سے محروم
7ماہ سے ادا نہیں کی گئیں، متاثرین کا 12 جنوری کوکراچی میں احتجاج کااعلان
حیدر آباد (بیورو رپورٹ)سندھ اسمال انڈسٹری محکمہ حکومتی عدم توجہی کے باعث بدانتظامی کا شکار ہو گیا۔ ملازمین گزشتہ 7 ماہ سے تنخواہوں اور پنشن کے لیے پریشان ہیں۔ اس صورتحال کے خلاف 12 جنوری کو کراچی میں احتجاج کا اعلان کیا گیا ہے ۔ ادارہ اپنے وسائل سے حاصل ہونے والی 3 کروڑ روپے سے زائد سالانہ آمدنی دفتری اخراجات پر خرچ کر رہا ہے ، جبکہ حکومت کی جانب سے دی جانے والی 40 کروڑ روپے کی سالانہ گرانٹ ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن کے لیے ناکافی ثابت ہو رہی ہے ۔ اس حوالے سے سندھ اسمال انڈسٹری کارپوریشن ایمپلائز ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری شاہنواز چنہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سندھ اسمال انڈسٹری محکمہ حکومتی عدم توجہی کا شکار ہے ۔ ایک ہزار کے قریب حاضر سروس اور ریٹائرڈ ملازمین گزشتہ 7 ماہ سے تنخواہوں سے محروم ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملازمین 2016 میں منظور شدہ اپ گریڈیشن، ایڈہاک ریلیف فنڈ اور گزشتہ 2 سال سے انکریمنٹ کے لیے مسلسل احتجاج کر رہے ہیں، لیکن حکومت کوئی نوٹس نہیں لے رہی۔انہوں نے مزید کہا کہ ادارے کو اپنے وسائل سے 3 کروڑ روپے سے زائد آمدنی حاصل ہوتی ہے ، جبکہ حکومت کی جانب سے صرف 4 کروڑ روپے سالانہ دیے جا رہے ہیں، جس سے ملازمین کی تنخواہیں اور پنشن بھی ادا نہیں کی جا سکتیں۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ ملازمین کی بقایا تنخواہیں اور پنشن فوری طور پر ادا کر کے مسائل حل کیے جائیں، بصورت دیگر 12 جنوری 2025 سے کراچی پریس کلب کے سامنے احتجاج کیا جائے گا۔