کراچی میں کنٹینر شپ کی تعمیر اہم سنگ میل ہے ، وفاقی وزیر
منصوبہ بیڑے کی صلاحیت میں اضافہ، دوسرے ممالک پرانحصار کم کریگا، جنید انوارنیا کنٹینر جہاز مکمل طور پر ملکی وسائل اور مقامی مہارت سے تیار کیا جائے گا، خطاب
کراچی (بزنس رپورٹر)وفاقی وزیر برائے بحری امور جنید انوار چوہدری نے پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن کیلئے 1100 ٹی ای یو صلاحیت کے نئے کنٹینر جہاز کی اسٹیل کٹنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی شپ یارڈ میں قومی کنٹینر شپ کی تعمیر کا آغاز ملکی بحری شعبے کیلئے ایک اہم سنگِ میل ہے ، انکا کہنا تھا کہ یہ منصوبہ نہ صرف پی این ایس سی کے بیڑے کی صلاحیت میں اضافہ کریگا، بلکہ غیر ملکی شپنگ لائنز پر انحصار نمایاں کم ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ نیا کنٹینر جہاز مکمل طور پر ملکی وسائل اور مقامی مہارت سے تیار کیا جائے گا، جس سے قیمتی زرِمبادلہ کی بچت ممکن ہو سکے گی۔
انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کی 95 فیصد تجارت سمندری راستوں کے ذریعے ہوتی ہے ، اس لیے ایک مضبوط اور خود انحصار قومی بحری بیڑا ملکی معیشت کے لیے ناگزیر ہے ، جنید انوار چوہدری کے مطابق کنٹینر شپ منصوبہ قومی بحری شعبے میں خود کفالت کی جانب عملی پیشرفت ہے اور اس سے ملکی سپلائی چین مزید مستحکم ہوگی۔ انہوں نے کہا پی این ایس سی کے بیڑے میں نئے جہاز کی شمولیت سے درآمدات وبرآمدات میں بہتری آئیگی۔ جنید انوار کا کہنا تھا کہ نئے کنٹینر جہاز کی تعمیر سے ملکی تجارت کو سہارا ملے گا، بحری شعبے میں زیادہ مسابقتی بنانے میں مدد ملے گی، انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بحری امور کی ترقی، قومی شپنگ کی مضبوطی اورشپ یارڈز کی استعداد میں اضافہ حکومتی ترجیح ہے ۔