شاہ فیصل:سڑک کھدائی کے بعد تعمیر نہ کرنے کیخلاف درخواست

شاہ فیصل:سڑک کھدائی کے بعد تعمیر نہ کرنے کیخلاف درخواست

گیس لائن بچھانے کیلئے کھدائی کی گئی، علاقائی نمائندوں کا ہائیکورٹ سے رجوعکمپنی 207ملین اداکرچکی، ٹی ایم سی کو سڑکوں کی تعمیر کا حکم دیا جائے ، وکیل

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائیکورٹ میں شاہ فیصل ٹاؤن میں گیس پائپ لائن بچھانے کے لیے روڈ کٹنگ کے بعد سڑکوں اور گلیوں کی مرمت نہ کرنے کیخلاف علاقائی نمائندوں نے درخواست دائر کردی۔ چیئرمین یوسی 3 شاہ فیصل چوہدری اسد، وائس چیئرمین چوہدری خالد اور محمد تحسین کی دائر درخواست کی سماعت کے دوران درخواست گزاروں کے وکیل عثمان فاروق ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ ٹی ایم سی شاہ فیصل کی جانب سے ایس ایس جی سی کو گیس پائپ لائن بچھانے کے لیے روڈ کٹنگ کی اجازت دی گئی تھی۔ وکیل کے مطابق روڈ کٹنگ کی اجازت کے لیے ایس ایس جی سی نے 207 ملین روپے سے زائد کی رقم جمع کروائی، تاہم اس کے باوجود روڈ کٹنگ کے بعد سڑکوں، گلیوں اور دیگر مقامات کی بحالی اور مرمت کا کام تاحال نہیں کیا گیا۔ عدالت سے استدعا کی گئی کہ ٹی ایم سی شاہ فیصل کو حکم دیا جائے کہ وہ سڑکوں کی مرمت فوری کروائے ۔ وکیل نے مزید کہا کہ سڑکوں کی تعمیرات کے معاملے میں تمام فریقین ناکام رہے ہیں، حالانکہ روڈ کٹنگ کے عوض رقم ایس ایس جی سی سے وصول کی جاچکی ہے ، مگر اس کے باوجود کام نہیں کیا گیا۔درخواست میں استدعا کی گئی کہ سڑکوں کی بحالی اور مرمت کے کام کیلئے قانون کے مطابق کنٹریکٹرز کو ٹینڈر جاری کیے جائیں تاکہ متاثرہ علاقوں میں عوامی مشکلات کا ازالہ ہوسکے ۔ درخواست میں حکومت سندھ، کمشنر ،ٹی ایم سی شاہ فیصل اور ایس ایس جی سی کو فریق بنایا گیا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں