سیکٹر 3نارتھ کراچی میں پیور بلاک منصوبے کا آغاز
کراچی(آئی این پی)نارتھ کراچی کے سیکٹر 3 میں پیور بلاک کی تنصیب کے کام کا باضابطہ آغاز کر دیا گیا۔ افتتاحی تقریب میں چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے منصوبے کا افتتاح کیا۔
اس موقع پر وائس چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن شعیب بن ظہیر، ٹاؤن افسران، بلدیاتی نمائندگان اور علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے کہا کہ نیو کراچی ٹاؤن کے دیگر علاقوں کی طرح اب سیکٹر 3 میں بھی پیور بلاک کی تنصیب کا کام شروع کر دیا گیا ہے اور بہت جلد یہاں 70 سے 80 گلیوں کو پیور بلاکس کے ذریعے پختہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد نمائشی یا عارضی ترقی نہیں بلکہ پائیدار اور دیرپا ترقی ہے تاکہ عوام کے ٹیکس کا پیسہ بار بار کی توڑ پھوڑ میں ضائع نہ ہو۔چیئرمین محمد یوسف نے واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کی کارکردگی پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بدقسمتی سے یہ ادارہ اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے میں ناکام نظر آ رہا ہے۔