شہر قائد میں 5 روز کے دوران 850سگ گزیدگی کیسز

شہر قائد میں 5 روز کے دوران 850سگ گزیدگی کیسز

انڈس اسپتال کورنگی میں 300مریض لائے گئے ، ایک کی انگلی کاٹی گئیسول، جناح اسپتالوں میں بھی 300کیسز رپورٹ، بیشتر 2سالہ بچے شامل

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)شہرقائد میں سال 2026ء کے صرف 5 دنوں میں 850 سے زائد سگ گزیدگی کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق کراچی میں کتے کے کاٹے کے کیسز میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے ، رواں سال کے ابتدائی 5 دنوں میں شہر کے اسپتالوں میں 850 سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ انڈس اسپتال کورنگی میں کتے کے کاٹنے سے متاثرہ 41 سالہ شخص کی انگلی شدید انفیکشن کے باعث کاٹنی پڑ گئی ۔انڈس اسپتال کورنگی میں 5 دنوں میں 300 نئے ڈاگ بائٹ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جب کہ سول اور جناح اسپتال میں بھی کتے کے کاٹے کے 300 سے زائد کیسز سامنے آئے ہیں۔انچارج ڈاگ بائٹ کلینک ڈاکٹر آفتاب گوہر کے مطابق زیادہ کیسز کورنگی، حب چوکی، بلدیہ، لانڈھی اور گڈاپ سے رپورٹ ہوئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ سگ گزیدگی کے بیشتر متاثرین دو سال سے کم عمر بچے ہیں جن کے چہروں کو آوارہ کتوں نے بری طرح بھنبھوڑ ڈالا جب کہ ایک واقعے میں آوارہ کتے کے حملے سے 41 سالہ شخص کی انگلی کٹ گئی، تمام متاثرین کو بروقت ریبیز سے بچاؤ کی ویکسین فراہم کی گئی۔اس موقع پر انہوں نے خبردار کیا کہ ریبیز خطرناک مرض ہے جو بغیر علاج جان لیوا ثابت ہوتا ہے ، اس لیے سگ گزیدگی کی صورت میں متاثرہ حصہ کو نلکے کے پانی کے نیچے دس سے پندرہ منٹ رکھ کر کسی بھی صابن سے فوری طور دھوئیں پھر ویکسین لگوائیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں