انکروچمنٹ کے نام پر کاروبار تباہ نہ کیا جائے ،کاشف صابرانی
سٹرکوں پر آکر اپنے احتجاج کا حق محفوظ رکھتے ہیں ،آل تاجران سندھ تاجر اتحاد
کراچی (این این آئی)آل تاجران سندھ تاجر اتحاد کے چیئرمین کاشف صابرانی نے کہا ہے کہ ہم تجاوازت کے خلاف ضرور ہیں مگر جس طرح گزشتہ ہفتہ سے دکانیں سیل کرنے اور بھاری جرمانے کا جو سلسلہ شروع کیا گیا وہ ناقابل تلافی ہے ۔گزشتہ روز اپنے بیان میںچیئرمین کاشف صابرانی نے کہاکہ معاشی صورتحال سب کے سامنے ہے ، ان حالات میں حکومتی اداروں کی جانب سے اس طرح کے اقدامات کاروبار تباہ کرنے کے مترادف ہیں، ہم حکومتی اداروں سے یہ مطالبہ کرتے ہیں کہ انکروچمنٹ کے نام پر تاجروں کا کاروبار تباہ نہ کیا جائے ، ورنہ تاجر برادری اپنے لائحہ عمل کا اعلان کرے گی۔
کاشف صابرانی نے کہا کہ یہ ایک سنگین مسئلہ ہے جو تاجروں کی روزمرہ زندگی اور کاروبار کو متاثر کر رہا ہے ، تاجر برادری کو اپنے حقوق کے لیے آواز اٹھانی چاہیے اور حکومت سے مطالبہ کرنا چاہیے کہ انکروچمنٹ کے نام پر تاجروں کو ہراساں نہ کیا جائے اور نہ ان کی دکانیں کو سیل کیا جائے ، اس عمل سے تاجروں کا کاروبار تباہ ہورہا ہے ، اگر حکومت تاجروں کے مسائل کا حل نہیں نکالتی تو تاجر برادری کو اپنے لائحہ عمل کا اعلان کرنا پڑے گا اور وہ اپنے حقوق کے تحفظ کے لیے سٹرکوں پر آکر اپنے احتجاج کا حق محفوظ رکھتے ہیں اور احتجاج صرف ایک مارکیٹ یا شہر کے محدود نہیں رہے گا بلکہ پورے سندھ کی سطح پر اس کا دائرہ وسیع کریں گے ۔