جو افسر کام نہیں کرنا چاہتے وہ گھر بیٹھ جائیں، علی ملکانی

جو افسر کام نہیں کرنا چاہتے وہ گھر بیٹھ جائیں، علی ملکانی

سندھ حکومت ترقیاتی منصوبوں میں تاخیر ہرگز برداشت نہیں کرے گیعوامی منصوبوں پر خرچ ہونے والی رقوم کا ہرممکن تحفظ کرینگے ،اجلاس

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ حکومت ترقیاتی منصوبوں میں تاخیر ہرگز برداشت نہیں کرے گی اور عوامی منصوبوں پر خرچ ہونے والی رقوم کے تحفظ کیلئے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے ، کیونکہ ترقیاتی منصوبوں میں تاخیر کے باعث اضافی اخراجات برداشت کرنا پڑتے ہیں۔ اس لیے ضروری ہے کہ تمام منصوبے مقررہ مدت میں مکمل کیے جائیں۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر لائیواسٹاک و فشریز محمد علی ملکانی نے منگل کے روز اپنے دفتر میں اسٹیبلشمنٹ آف رولرز گروتھ سینٹر، چوھڑ جمالی ضلع سجاول کے منصوبے سے متعلق ایک اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ صوبائی وزیر نے منصوبے میں شامل تمام افسران سے علیحدہ علیحدہ بریفنگ لی اور منصوبے کے تمام پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا۔اس موقع پر صوبائی وزیر محمد علی ملکانی نے جن محکموں کی کارکردگی تسلی بخش نہیں تھی، ان کے متعلق متعلقہ صوبائی وزراء کو خطوط لکھنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ حکومت عوامی پیسے کا ضیاع کسی صورت برداشت نہیں کرے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ جو افسر کام نہیں کرنا چاہتا وہ گھر بیٹھ جائے ۔انہوں نے کہا کہ جو منصوبے وقت پر مکمل نہیں ہوتے وہ تعطل کا شکار ہو جاتے ہیں اور ان کے اخراجات میں اضافہ ہو جاتا ہے جو صوبے کی معیشت کے لیے نقصان دہ ہے ۔ انہی رقوم سے دیگر ترقیاتی منصوبے بھی شروع کیے جا سکتے ہیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں