پولیس مقابلہ ،شہری کی فائرنگ،4ڈاکو ہلاک: خاتون ڈکیت سمیت 4گرفتار
کیماڑی پاک کالونی پولیس کابینک ڈکیتیوں میں ملوث گروہ سے فائرنگ کا تبادلہ،3 ملزمان مارے گئے ،لیاری گینگ سے آپریٹ کرتے،35 سے زائد مقدمات میں انتہائی مطلوب تھےنارتھ ناظم آبادلنڈی کوتل چورنگی پرشہری نے فائرنگ کرکے ڈکیت کو مارڈالا،ساتھی ملزمہ گرفتار،تیموریہ میں شہری سے چھینے موبائل فون کی لوکیشن ملنے پر3 ڈاکوپکڑے گئے
کراچی(اسٹاف رپورٹر)کراچی میں بینک سے رقم لے کر نکلنے والے شہریوں سے لوٹ مار میں ملوث تین خطرناک ڈاکو مارے گئے جبکہ نارتھ ناظم آباد میں شہری کی فائرنگ سے مبینہ ڈکیت ہلاک، ساتھی ملزمہ کو گرفتار کرلیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق کیماڑی پاک کالونی پولیس کا ڈکیت گروہ سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں تین ڈاکو مارے گئے ، ملزموں سے اسلحہ گولیاں اور موبائل فون برآمد ہوئے ہیں۔ہلاک ملزموں کی شناخت حنیف، گلاب اور سلیمان کے نام سے کرلی گئی۔ملزمان ڈکیتی کے 35 سے زائد مقدمات میں پولیس کو انتہائی مطلوب تھے ۔ ملزموں کی شناخت اور سابقہ مجرمانہ ریکارڈ حاصل کرلیا گیا۔ ملزمان کا گروہ شہر بھر میں بینک ڈکیتیوں میں ملوث تھا،ملزمان کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کرلی گئی۔ہلاک ملزم گلاب کو بینک کے اندر دیکھا جاسکتا ہے ، ملزمان واردات سے پہلے اپنے ایک ساتھی کو ریکی کیلئے بینک میں بھیجتے تھے، ملزمان نے ماڑی پور میں نجی بینک کے باہر شہری سے ڈیڑھ لاکھ روپے لوٹے تھے ، ملزم گلاب نقد رقم نکالنے والے شہریوں کی ریکی کرتا تھا، ہلاک ملزم حنیف بلوچ لیاری گینگ وار کا اہم و سرگرم کارندہ تھا، ملزمان کا ڈکیت گروہ لیاری گینگ سے آپریٹ کیا جاتا تھا جبکہ ہلاک ملزم سلیمان بھی عادی جرائم پیشہ نکلا۔ ملزمان بینک ڈکیتی، شاپ رابری، غیر قانونی اسلحے ، پولیس پر فائرنگ کے مقدمات میں ملوث تھے، ہلاک ملزموں کا مزید ریکارڈ حاصل کیا جارہا ہے۔ادھر نارتھ ناظم آباد لنڈی کوتل چورنگی کے قریب شہری کی فائرنگ سے مبینہ ڈاکو رضوان ہلاک ہوگیا ۔
پولیس کے مطابق شہری معید خان لاشاری اپنی گاڑی میں فروٹ خریدنے کے لیے رکا تھا،اچانک سے ایک مرد اور خاتون موٹرسائیکل پر آگئے ،ملزم نے پستول نکالا اور لوٹ مار کرنے لگا ،شہری نے مزاحمت کی تو ملزم نے گاڑی پر گولی چلادی ،شہری نے بھی جوابی فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ڈاکو رضوان موقع پر ہلاک ہوگیا جبکہ گشت پر مامور پولیس نے ہلاک ڈاکو کی ساتھی ملزمہ شمع کو گرفتار کرلیا۔ علاوہ ازیں پولیس مددگار 15 تیموریہ نے بروقت کاروائی کرتے ہوے 3 ڈکیتوں کو گرفتار کرلیا۔ اطلاع کے مطابق ڈکیت کالر سے ایک لاکھ روپے نقد، 4موبائل فونز اور ایک گھڑی چھین کر فرارہوگئے تھے۔ شہری سے چھینے گئے موبائل فون کی لوکیشن مام جی اسپتال روڈ کیفے پیالہ ہوٹل نزد اسلامیہ مسجدکے قریب معلوم ہورہی تھی۔ مددگار 15 تیموریہ کالر کی بتائی ہوئی لوکیشن پہ کالر کے ہمراہ بروقت پہنچ گئی جبکہ موقع پر ملزمان موجود نہیں تھے ۔ موقع سے واپسی پر پولیس مددگار15نے 03 مشکوک افراد کو روکا جنکی کالر نے بروقت تصدیق کرلی۔ پولیس مددگار 15 تیموریہ نے ملزمان سے 04عدد موبائل فونز، ایک عدد گھڑی اور ایک عدد موٹر سائیکل برآمد کرلی جنکی کالر نے بروقت تصدیق کرلی۔ بعدازاں گرفتار شدہ ملزمان کو مزید قانونی کاروائی کیلئے بمعہ برآمد شدہ سامان اور کالر کے ہمراہ متعلقہ تھانہ کے حوالے کر دیا گیا۔