حادثات میں خاتون جاں بحق، صوبائی مشیر کا بیٹا زخمی

حادثات میں خاتون جاں بحق، صوبائی مشیر کا بیٹا زخمی

نوابشاہ سے حیدر آباد جاتے حسن راجڑ کی کار کو حادثہ، خاتون ڈمپر تلے آئی

کنڈیارو، کھپرو (نمائندگان) ٹریفک حادثات میں خاتون جاں بحق اور صوبائی مشیر کا بیٹا زخمی ہوگیا۔ کنڈیارو کے قریب تیز رفتار ڈمپر نے موٹر سائیکل کو کچل دیا، جس کے باعث موٹر سائیکل پر سوار خاتون موقع پر ہی دم توڑ گئی، جبکہ ایک شخص زخمی ہو گیا۔اطلاع ملنے پر رضاکار ٹیم نے جاں بحق خاتون کی لاش اور زخمی کو تعلقہ اسپتال منتقل کیا۔ اسپتال ذرائع کے مطابق جاں بحق خاتون کی شناخت کنڈیارو کے قریب گاؤں صالح کلو کی رہائشی زرینہ کے نام سے ہوئی، جبکہ زخمی کی شناخت اس کے شوہر یوسف کلو کے طور پر کی گئی ہے۔

ضروری قانونی کارروائی کے بعد خاتون کی لاش ورثاء کے حوالے کر دی گئی، جبکہ زخمی کو مزید علاج کے لیے گمبٹ اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے ۔ پولیس کے مطابق حادثے میں ملوث ڈمپر کو تحویل میں لے لیا گیا۔ ادھر پیپلز پارٹی کھپرو کے سینئر رہنما صوبائی مشیر سرفراز راجڑ کے بڑے بیٹے میرحسن راجڑ نوابشاہ سے حیدرآباد جاتے راستے میں حادثے میں زخمی ہو گئے ، کار تباہ ہوگئی، میرحسن راجڑ کو فوری طور پر مقامی اسپتال لے جایا گیا، جہاں پر طبی امداد دیکر حیدرآباد منتقل کر دیا گیا میرحسن راجڑ کو سر میں چوٹ اور بازو فریکچر ہوا ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں