انٹر کے امتحانی فارمز آن لائن جمع کرانے کا نظام متعارف
فارم تعلیمی ادارے یا انٹربورڈ میں جمع کروانے کی ضرورت نہیں رہے گی جدید سہولت امتحانی نظام میں شفافیت کو بھی مضبوط بناتی ہے ،بورڈ چیئرمین
کراچی (این این آئی)چیئرمین اعلی ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی فقیر محمد لاکھو کی رہنمائی میں انٹربورڈ کراچی نے تاریخ میں پہلی مرتبہ انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات برائے 2026 کے لیے انرولمنٹ فارم اور انٹرمیڈیٹ حصہ اول کے امتحانی فارمز آن لائن جمع کرانے کا جدید نظام باقاعدہ طور پر متعارف کرادیا گیا ہے ۔ اس تاریخی اقدام کے بعد امیدواروں کو اب اپنے انرولمنٹ فارم اور امتحانی فارم براہ راست اپنے تعلیمی ادارے یا انٹربورڈ کراچی میں جمع کروانے کی ضرورت نہیں رہے گی بلکہ وہ گھر بیٹھے انٹربورڈ کے آفیشل ویب پورٹل https://portal.biek.edu.pk کے ذریعے آن لائن اپنے انرولمنٹ اور امتحانی فارمز جمع کرواسکیں گے ۔ چیئرمین فقیر محمد لاکھو نے اس موقع پر بتایا کہ یہ اقدام نہ صرف طلبہ، تعلیمی اداروں اور انٹربورڈ کراچی کے لئے وقت اور وسائل کی بچت کا باعث بنے گا بلکہ امتحانی نظام کو مزید مثر، شفاف اور تیزتر بنانے میں بھی اہم کردارا دا کرے گا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ آن لائن نظام کے نفاذ سے انسانی غلطیوں میں نمایاں کمی، کاغذی کارروائی کے خاتمے ، ڈیٹا کی درستگی اور طلبہ کے لیے آسان اور مساوی رسائی کو یقینی بنایا گیا ہے ۔ یہ جدید سہولت نہ صرف طلبہ کے لیے آسانی کا باعث ہے بلکہ امتحانی نظام میں شفافیت، جوابدہی اور اعتماد کو بھی مضبوط بناتی ہے ۔چیئرمین انٹربورڈ کا کہنا تھا کہ بورڈ مستقبل میں بھی جدید تعلیمی تقاضوں سے ہم آہنگ رہتے ہوئے اختراعی اور موثر تکنیکی اقدامات کے ذریعے اپنی خدمات کو مزید بہتر بنانے کے لیے پرعزم ہے ۔