ترقیاتی سکیموں میں رکاوٹ برداشت نہیں کرینگے ، ایم ڈی واسا
جھنگ روڈ پر بچھائی جانے والی مین فورس لائن 10 فروری تک مکمل کرنے کی ہدایت
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)منیجنگ ڈائریکٹر واسا ثاقب رضا نے خبردار کیا ہے کہ کسی بھی ترقیاتی سکیم پر تعمیراتی کام بند نہیں ہونا چاہیے جبکہ جھنگ روڈ، ملت روڈ اور نیتھڑی میں جاری ترقیاتی سکیموں پر کام کی رفتار کو مزید تیز کیا جائے ۔ڈویلپمنٹ پراگریس ریویو کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جھنگ روڈ پر بچھائی جانیوالی مین فورس لائن 10 فروری تک ہر صورت مکمل کی جائے تاکہ جھنگ روڈ سے ملحقہ آبادیوں کو سیوریج کے مسائل میں نمایاں ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
ایم ڈی واسا نے ہدایت کی کہ پنجاب ڈویلپمنٹ پیکج کی نئی سکیموں کی جیو ٹیکنیکل اسٹڈیز اور ڈیزائن جلد از جلد مکمل کیے جائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ جن کنٹریکٹرز کی فزیکل پراگریس طے شدہ ٹائم لائن کے مطابق نہیں، انہیں فوری نوٹسز جاری کیے جائیں، اور اگر ترقیاتی سکیموں پر پیش رفت میں بہتری نہ آئی تو متعلقہ کنٹریکٹس منسوخ کر دئیے جائیں گے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ مراد آباد، ریاض شاہد چوک اور چباں روڈ پر سیوریج پائپ لائنوں کے منصوبے جلد مکمل کیے جائیں تاکہ شہریوں کو درپیش سیوریج کے مسائل پر قابو پایا جا سکے ۔