شہداد پور میں 20لاکھ کے اسمگل سگریٹ برآمد، 2ملزم گرفتار

شہداد پور میں 20لاکھ کے اسمگل سگریٹ برآمد، 2ملزم گرفتار

ہنگورا روڈ پرپولیس کی کارروائی، مرکزی ملزم فرار، گاڑی ملتان سے آرہی تھیفرار ملزم کی گرفتاری کیلئے چھاپے ، مقدمہ درج، گاڑی تحویل میں لے لی گئی

 شہدادپور (نمائندہ دنیا)پولیس نے ہنگورا روڈ پر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے مبینہ 20 لاکھ روپے مالیت کے غیر ملکی اسمگل شدہ سگریٹ برآمد کر کے 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا، جبکہ مرکزی ملزم فرار ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق شہدادپور پولیس نے چیکنگ کے دوران ملتان سے آنے والی ایک مزدا گاڑی کو روکا۔ تلاشی لینے پر گاڑی سے 280 کارٹن غیر ملکی کسٹم چوری کے سگریٹ برآمد ہوئے جن کی مالیت تقریباً 20 لاکھ روپے بتائی جاتی ہے ۔ پولیس نے کارروائی کے دوران 2 ملزمان ساجد بلوچ اور محمد احسان ملک کو گرفتار کر لیا، جو پنجاب کے رہائشی ہیں۔

جبکہ مرکزی ملزم ایاز نربان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ ایس ایچ او عمران اختر چانڈیو کے مطابق فرار ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں اور اسے جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔ پولیس نے مزدا گاڑی کو بھی تحویل میں لے کر مقدمہ درج کر لیا ہے اور مزید تحقیقات جاری ہیں، واضح رہے کہ شہدادپور میں غیر ملکی اسمگل شدہ سگریٹ کا کاروبار کافی عرصے سے جاری ہے اور بڑے پیمانے پر اس کی خرید و فروخت کی جا رہی ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں