بدین:شادی لارج کے قریب گرائے گئے پل کاسریا چوری
نشاندہی کے باوجود محکمہ آبپاشی خاموش، پانی روانی میں رکاوٹ جواز بناکر پل گرایا گیاسریا ولوہا ٹھیکیدار کے منشی نے اپنی ملکیت سمجھ لیا، فروخت شروع کردی، علاقہ مکین
پنگریو (نامہ نگار)شادی لارج کے قریب ونگو پران کے مقام پر پانی کی روانی میں رکاوٹ کا جواز بنا کر گرائے گئے پل کے لاکھوں روپے مالیت کے قیمتی لوہے کی مبینہ خوردبرد کا انکشاف ہوا ہے ، جبکہ نشاندہی کے باوجود محکمہ آبپاشی کا عملہ خاموش تماشائی بنا ہوا ہے ۔تفصیلات کے مطابق چند روز قبل شادی لارج کے قریب ونگو پران پر قائم پل کو محکمہ آبپاشی کی جانب سے یہ مؤقف اختیار کرتے ہوئے مسمار کیا گیا کہ یہ پل دو ہزار کیوسک سے زائد پانی کے بہاؤ میں رکاوٹ بن رہا تھا۔پل کی مسماری کے بعد اس میں استعمال ہونے والا لاکھوں روپے مالیت کا قیمتی لوہا اور سریا، جو سرکاری ملکیت تھا، ضابطے کے مطابق سرکاری نیلامی کے ذریعے فروخت ہونا چاہیے تھا، تاہم علاقہ مکینوں کے مطابق مذکورہ قیمتی سامان کو مبینہ طور پر ایک بااثر ٹھیکیدار کے منشی نے اپنی ملکیت سمجھتے ہوئے فروخت کرنا شروع کر دیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ ٹھیکیدار کا تعلق حکومتی حلقوں سے ہے اور اسکا تعلق ایک بااثر رکن صوبائی اسمبلی سے بتایا جاتا ہے ۔مزید انکشاف ہوا ہے کہ محکمہ آبپاشی کے بعض اہلکار، بشمول سرویئرز، بھی مبینہ طور پر اس عمل میں ملی بھگت کے ذریعے شریک ہیں اور قیمتی لوہا علاقے کے مختلف کباڑیوں کوخصوصاً نیوکوٹ میں فروخت کیا جا رہا ہے ۔ علاقہ مکینوں نے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے ، شفاف تحقیقات کرانے اور سرکاری املاک کے نقصان میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔