پیپلز پارٹی بھٹو کے مشن کوجاری رکھے گی، ارکان اسمبلی

پیپلز پارٹی بھٹو کے مشن کوجاری رکھے گی، ارکان اسمبلی

آئین اور ملک کیلئے خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی، میر منور تالپور ودیگرمیرپور خاص، سکھر میں بھی بھٹو برسی کی تقریبات کا انعقاد ، خراج عقیدت پیش

میرپور خاص، سکھر (بیورو رپورٹ)میرپور خاص اور سکھر میں بھی ذولفقار علی بھٹو کی برسی کی تقریبات منعقد کی گئیں، جہاں منتخب ارکان نے خطاب میں کہا کہ مرحوم کے مشن کو جاری رکھا جائے گا۔ میرپور خاص میں برسی کی مقامی ہال میں تقریب ہوئی جس سے خطاب کرتے ہوئے ایم این اے و ضلعی صدر نوابزادہ میر منور علی خان ٹالپر،صوبائی وزرا سید ذوالفقار علی شاہ، میر طارق علی خان ٹالپر،جنید بلند،رکن صوبائی اسمبلی ہری رام کشوری لال،خیرالنساء مغل،پیر عزت حسین شاہ جیلانی اور دیگر نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو نے ملک میں جمہوریت کے استحکام، عوامی حقوق کے تحفظ اور آئین کی بالادستی کے لیے جو تاریخی جدوجہد کی وہ ہمیشہ یاد رکھی جائے گی اور پاکستان پیپلز پارٹی ان کے مشن کو ہر صورت جاری رکھے گی۔

مقررین نے شہید ذوالفقار علی بھٹو کی سیاسی خدمات، جمہوریت کے لیے دی گئی قربانیوں اور عوامی فلاح و بہبود کے اقدامات پر انہیں زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔ سکھر میں ترجمان حکومتِ سندھ و میئر، بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ اور رکن صوبائی اسمبلی و پارلیمانی سیکرٹری ورکس اینڈ سروسز سید فرخ احمد شاہ نے کہا ہے کہ قوم آج ایک ایسے عظیم رہنما، مدبر سیاستدان اور عہد ساز شخصیت کو خراجِ عقیدت پیش کر رہی ہے ، جنہوں نے نہ صرف پاکستان کی سیاست کا رخ تبدیل کیا بلکہ عوام کو شعور، خودداری اور جمہوریت کی حقیقی طاقت سے روشناس کرایا۔شہید بھٹو کسی ایک فرد کا نام نہیں بلکہ ایک ہمہ گیر نظریہ، ایک انقلابی سوچ اور ایک تاریخی جدوجہد کی علامت ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں