بھٹوکے منصفانہ اصولوں کو اپنانے کی ضرورت ہے : مقررین
میاں محمود ،راناجمیل خان ، شوکت بلوچ کابھٹو کی برسی پر تقریب سے خطاب
پیرمحل (نمائندہ دنیا )پاکستان کا متفقہ آئین اور ناقابل تسخیر دفاع شہید ذوالفقار بھٹو کے ولولہ انگیز وژن کا مرہون منت ہے ۔ پیپلزپارٹی کے رہنمائوں میاں محمود ،راناجمیل خان ، خان شوکت علی بلوچ ودیگر نے ان خیالات کااظہار نے بھٹو کی برسی پر تقریب سے خطاب میں کیا۔ مقررین نے کہا چار اپریل1979 کا دن ملکی تاریخ میں سیاہ ترین دن ہے جس روز امت مسلمہ کے نڈر جرات مند،بے باک لیڈر اورایٹمی قوت کے بانی منتخب وزیراعظم شہید ذوالفقار علی بھٹو کو ایک متنازعہ عدالتی فیصلے پر پھانسی دے کر شہید کردیا گیا جو اسلامی ممالک کو دنیا کے دیگر ممالک کے مقابلے میں آگے لانے کا ویژن رکھتے تھے راناجمیل خان پیپلزپارٹی نے کہا کہ بھٹو شہید نے عوامی طاقت، جمہوریت، شہری آزادیوں اور پاکستان کی خود مختاری پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا۔ وہ ایک عظیم لیڈر تھے جو جمہور میں عوام کو ہی طاقت کا سر چشمہ سمجھتے تھے ۔ شہید ذوالفقار بھٹو نے حقیقی جمہوریت کی بنیاد حق رائے دہی پر مبنی پارلیمانی نظام میں رکھی سیاست کو ڈرائنگ روم سے نکال کر عوام کے ووٹ کے تابع کیا اور ملک کے تمام فیصلوں کوعوام کی منشا سے منسلک کر دیا۔ آج ہمیں جمہوری، سیاسی اور سماجی طور پر شہید ذوالفقار بھٹو کے منصفانہ اصولوں کو اپنانے کی ضرورت ہے ۔ آئین پاکستان میں درج سنہری اصولوں پر عمل کرتے ہوئے ملک کو سیاسی، معاشی اور سماجی مسائل سے نکالا جا سکتا ہے۔