مذہبی ہم آہنگی کمیٹی کااجلاس ،ایسٹرپر انتظامات کا جائزہ
ڈی سی کا گندم خریداری مہم پر بی اجلاس،ٹرانسپورٹرزکیساتھ میٹنگ،ہدایات جاری
چنیوٹ(ڈسٹرکٹ رپورٹر)ایسٹر پربین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینے کیلئے مذہب ہم آہنگی کمیٹی کا اجلاس ہوا، جسکی صدارت ڈپٹی کمشنر عائشہ رضوان اور ڈی پی او ڈاکٹر نوید عاطف نے مشترکہ طور پر کی۔ تمام مسالک کے علمائے کرام، مسیحی رہنماؤں اور ضلعی افسروں نے شرکت کی۔ چناب نگر میں ایسٹر پر سکیورٹی انتظامات، صفائی ، ٹریفک مینجمنٹ اور دیگر سہولیات فراہمی کا جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسروں کو ہدایت کی کہ مسیحی برادری کو ایسٹر پر ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں اور فول پروف سکیورٹی کو یقینی بنایا جائے۔
ڈی پی او ڈاکٹر نوید عاطف نے اس موقع پر کہا کہ تمام گرجا گھروں کی سکیورٹی کو مزید مؤثر بنایا جائے گا اور پولیس الرٹ رہے گی تاکہ شہریوں کو پرامن ماحول فراہم کیا جا سکے ،اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ ضلع میں امن و امان کی فضا کو برقرار رکھا جائے گا۔ ڈپٹی کمشنر عائشہ رضوان کی ٹرانسپورٹر، رکشہ یونین، گڈز ٹرانسپورٹر کے نمائندگان سے بھی میٹنگ، ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ کرایوں میں کوئی بھی ایڈجسٹمنٹ ایندھن کی قیمت میں اضافے کے حقیقی اثرات کے متناسب رہے اور بلاجواز کرایہ نہ بڑھایا جائے، ٹرانسپورٹرز نے انتظامیہ سے تعاون کی یقین دہانی کروائی۔
ڈپٹی کمشنر عائشہ رضوان کی زیر صدارت گندم خریداری مہم پر اجلاس میں کسانوں، کاشتکاروں اور ہارویسٹر مالکان نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسروں کو ہدایت کی کہ کسانوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں ،مقررہ نرخ پر گندم خریداری عمل میں کسی قسم کی بدعنوانی مڈل مین کا دخل یا تاخیر برداشت نہیں کی جائیگی۔ کاشتکاروں نے مسائل پیش کئے جنکے فوری حل کی یقین دہانی کروائی گئی۔ ڈپٹی کمشنر نے ہارویسٹر مالکان کو یقین دلایا کہ پیٹرولیم قیمتوں میں حالیہ اضافے پر آپکے ساتھ بھرپور تعاون کیا جائے گا۔