زیریں سندھ میں کپاس کی نئی فصل مارکیٹ کی زینت بن گئی

زیریں سندھ میں کپاس کی نئی فصل مارکیٹ کی زینت بن گئی

بدین کے علاقے روشن آباد میں فروخت کیلئے پیش، 9ہزار روپے فی من قیمتعالمی منڈیوں کی صورتحال کے پیش نظر نرخ مزید بڑھنے کاامکان ہے ، ماہرین

پنگریو (نامہ نگار) زیریں سندھ میں کپاس کی نئی فصل (پھٹی) کی آمدشروع ہوگئی، جس کے ساتھ ہی منڈیوں میں سرگرمیاں تیز ہوگئی ہیں، بدین کے علاقے پنگریو کے نواحی شہر روشن آباد میں نئی پھٹی فروخت کے لیے لائی گئی جہاں ابتدائی ریٹ تقریباً 9 ہزار روپے فی من مقرر کیا گیا، جسے سیزن کا ابتدائی اور اہم اشارہ قرار دیا جا رہا ہے ۔ رواں سال بھی روشن آباد میں پھٹی کی آمد نے باقاعدہ سیزن کے آغاز کا عندیہ دے دیا۔ رپورٹس کے مطابق پاکستان میں کپاس کی قیمتیں عالمی رجحانات سے متاثر ہوتی ہیں۔ عالمی سطح پر کپاس کی طلب میں اضافہ، موسمیاتی تبدیلیاں اور سپلائی میں کمی جیسے عوامل قیمتوں میں اضافے کا باعث بن رہے ہیں۔ اسی اثر کے تحت پاکستان میں بھی نئی فصل کے آغاز پر قیمت نسبتاً بلند سطح سے شروع ہوئی ہے ۔ سندھ خصوصاً زیریں سندھ کپاس کی ابتدائی پیداوار میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے ، جہاں موسمی حالات فصل کی جلد تیاری میں مدد دیتے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر عالمی منڈی میں کپاس کی قیمتوں میں یہی رجحان رہا اور مقامی سطح پر سپلائی محدود رہی تو آنیوالے دنوں میں ریٹ میں مزید اضافہ متوقع ہے۔ نئی پھٹی کی آمد کو نہ صرف مقامی بلکہ ملکی کپاس مارکیٹ کیلئے بھی اہم پیشرفت قرار دیا جا رہا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں