میرپور خاص:مہنگے یونیفارم، مونو گرام والی کتب کی فرمائش
صوبائی وزیر تعلیم کے احکامات کے برعکس نجی اسکول والدین پردباؤ ڈالنے لگےکئی اسکولوں کی اپنی دکانیں ہیں، دیگر نے کمیشن مقرر کرلیا، والدین کی شکایات
میرپورخاص (بیورو رپورٹ)نجی اسکولوں کا طلبہ و طالبات کے والدین پر وزیر تعلیم کے احکامات کے برعکس من پسند کمیشن کے عوض مہنگی کتابیں، یونیفارم اور مونو گرام والی کاپیاں خریدنے کیلئے دباؤ جاری ہے ۔ ذرائع کے مطابق والدین کی جانب سے شکایات درج کرائی گئیں کہ 120 والی کاپی مونوگرام کے ساتھ 180 روپے اور 200 والا رجسٹر اچھی کوالٹی کے مونوگرام کا 400 روپے میں خریدنا پڑ رہا ہے ۔ والدین کا کہنا تھا کہ پرائیویٹ اسکولوں کی بھاری بھر کم فیسوں کے ساتھ اب مہنگے داموں مونو گرام والی درسی کتب اور کاپیاں خریدنا مجبوری بن گئی ہے ۔ ہر سال ایسے مخصوص اسکول اپنی من مانی جاری رکھتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق مخصوص اسکولوں کے کورس کاپی اور دیگر یونیفارم فروخت کرنے والے دکانداروں نے بتایا کہ ایسے اسکول 30 سے 40 فیصد کمیشن وصول کرتے ہیں۔ جبکہ متعدد نجی اسکولوں نے اپنی ہی دکانیں سجا لی ہیں جہاں سے طلبہ وطالبات کو یونیفارم، کاپی، کتابیں خریدنے پر مجبور کیا جاتا ہے ۔ اس حوالے سے جب اپسما کے ڈویژنل صدر فیصل خان زئی سے موقف لیا تو انکا کہنا تھا کہ ایسے نجی اسکولوں کی نشاندہی کی جائے جو خلاف ورزی کررہے ہیں، انھوں نے کہا ایسے دکانداروں سے بھی جلد ایک میٹنگ کی جائیگی جو مہنگے داموں درسی کتب اور کاپیاں اور یونیفارم بنا رہے ہیں، انھوں نے کہا کہ وزیر تعلیم کے احکامات کی خلاف ورزی جہاں دیکھی جائیگی اس اسکول انتظامیہ سے باز پرس اور کارروائی کی جائے گی۔