اسمال ٹریڈرز وفدکا ریلوے اسٹیشن کا دورہ، حکام سے ملاقات
تاجروں کو درپیش مسائل، کارگو اور مسافروں کی سہولتوں سے متعلق امور پرگفتگوحیدر آباد اسٹیشن پر مال آف لوڈ کرنے کی سہولت دی جائے ، شان سہگل ودیگر رہنما
حیدرآباد (بیورو رپورٹ)چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کے نائب صدر شان سہگل کی قیادت میں ایک اعلی سطحی وفد نے حیدرآباد ریلوے اسٹیشن کابروز ہفتہ دورہ کیا اور پاکستان ریلوے حیدرآباد کے حکام سے تفصیلی ملاقات کی۔ پاکستان ریلوے کی جانب سے اسٹیشن سپرنٹنڈنٹ حیدرآباد عمران خانزادہ نے وفد کا استقبال کیا اور تاجر برادری کو درپیش مسائل، اسٹیشن کی بہتری، کارگو سہولیات اور مسافروں کی سہولت سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ملاقات کے دوران نائب صدر شان سہگل نے کہا کہ حیدرآباد کی تاجر برادری پورے پاکستان سے اپنی تجارتی ترسیلات پاکستان ریلوے کی کارگو سروس کے ذریعے منگواتی ہے ، تاہم حیدرآباد اسٹیشن پر براہِ راست آف لوڈنگ کی سہولت نہ ہونے سے تاجروں کو کراچی سے دوبارہ اپنا مال حیدرآباد منتقل کرنے کے لیے اضافی اخراجات اور ڈبل کرایہ برداشت کرنا پڑتا ہے ، جو کاروباری لاگت میں غیر ضروری اضافہ ہے ۔ انہوں نے تجویز پیش کی کہ اگر کارگو ٹرین کو حیدرآباد اسٹیشن پر چند گھنٹوں کے لیے اسٹے فراہم کیا جائے اور یہاں آف لوڈنگ کی اجازت دی جائے تو نہ صرف حیدرآباد کے تاجروں کو مالی فائدہ ہوگا بلکہ صنعتی و تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا، جس سے پاکستان ریلوے کے ریونیو میں بھی نمایاں بہتری آ سکتی ہے ۔ اسٹیشن سپرنٹنڈنٹ عمران خانزادہ نے کہا کہ کارگو ٹرین کے اسٹاپ اور آف لوڈنگ کے لیے ایک مکمل آپریشنل میکنزم درکار ہے ، حیدرآباد چیمبر تاجروں سے ملکر جامع پروپوزل تیار کرے ، جسے اسٹیشن سفارشات کے ساتھ اعلی حکام کو ارسال کرے گا۔