شہری سے موٹر سائیکل چھیننے والا ملزم پولیس سے مقابلے میں زخمی
کراچی(اسٹاف رپورٹر) ڈسٹرکٹ ویسٹ پولیس نے سرجانی ٹاؤن کے علاقے عبداللہ موڑ کے قریب مبینہ پولیس مقابلے کے بعد ایک زخمی ملزم کو گرفتار کرلیا جبکہ اس کے دو ساتھی فرار ہوگئے۔
ایس ایس پی ویسٹ طارق الٰہی مستوئی کے مطابق ملزمان شہری سے موٹر سائیکل چھیننے کی کوشش کررہے تھے کہ پولیس نے کارروائی کی، اس دوران ملزمان نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کردی۔ جوابی فائرنگ میں ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔پولیس کے مطابق مقابلے کے بعد مشتعل افراد نے ملزم پر تشدد کی کوشش کی تاہم اضافی نفری طلب کرکے ملزم کو تحویل میں لے کر اسپتال منتقل کردیا گیا۔ گرفتار ملزم کے قبضے سے چھینی ہوئی موٹر سائیکل، اسلحہ، ایمونیشن، موبائل فون، نقدی اور دیگر سامان برآمد ہوا ہے ۔ ادھر گلشن معمار موڑ کے قریب مبینہ پولیس مقابلے میں گلشن معمار پولیس نے ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کرکے اسکے قبضے سے چوری شدہ موٹر سائیکل ، اسلحہ و دیگر سامان برآمد کرلیا۔