بنیان مرصوص کی کامیابی پرریڈیوپاکستان کامشاعرہ
ملک کی سیاسی اور عسکری قیادت کو بھی خراج تحسین پیش کیا گیابھارت نے اندھیرے کی آڑ میں پلوامہ ڈرامہ رچایا،کھیل داس کوہستانی
کراچی(سٹی ڈیسک)ریڈیو پاکستان کے زیر اہتمام ایک عظیم الشان آل پاکستان مشاعرہ بعنوان ’’معرکہ حق میں جب اترا سخن‘‘ میں آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی کو شاندار خراج تحسین پیش کیا گیا اور پاکستان کی مسلح افواج کے ساتھ ساتھ ملک کی سیاسی اور عسکری قیادت کو بھی خراج تحسین پیش کیا گیا۔مشاعرہ کی صدارت معروف شاعر پروفیسر سحر انصاری نے کی جبکہ وزیر مملکت برائے مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی کھیل داس کوہستانی مہمان خصوصی تھے ۔نامور شعراء اور ادبی شخصیات میں پروفیسر سحر انصاری، افتخار عارف، انور شعور، فاطمہ حسن، عنبرین حسیب امبر، ریحانہ روحی، یاسمین یاس، سید نور رضوی، ہدایت سائر، حافظ شاہد علی، وضاحت نسیم، علی زریون، نظیر قیصر، عباس طابش، فرحت عباس شاہ، خالد ندیم شانی، قمر رضا شہزاد، راقب مختار، کامران احمد قمر، بشریٰ فرخ، عزیز اعجاز، پروفیسر اسحاق وردک، محسن شکیل، جویریہ عبدالحق، ناز مظفرآبادی شامل تھے۔مشاعرے میں کراچی کے لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔وزیر مملکت نے مسلح افواج کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ بھارت نے اندھیرے کی آڑ میں پلوامہ ڈرامہ رچایا اور پاکستان پر حملہ کیا لیکن پاکستان کی مسلح افواج نے فوری اور فیصلہ کن جواب دیا اور دشمن کے طیارون کو مار گرایا۔ ڈائریکٹر جنرل ریڈیو پاکستان سعید احمد شیخ نے تمام شعراء، مہمانوں اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔