کندھکوٹ:سیاہ کاری کے الزام پردیور نے بھابی قتل کردی

کندھکوٹ:سیاہ کاری کے الزام پردیور نے بھابی قتل کردی

گھوڑا گھاٹ کے علاقے میں واردات کے بعد ملزم فرار، خاتون کی لاش بھی نہیں ملیمحراب پور میں خاتون کی خود کشی، زہریلے کھانے سے 8بیہوش، حب میں 2 اموات

کندھکوٹ، اندرون سندھ (نمائندگان) کندھکوٹ میں سیاہ کاری الزام پر خاتون کو قتل کردیا گیا، جبکہ محراب پور میں خاتون نے خودکشی کرلی، ادھر حب میں بھی 2 اموات ہوئی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق کندھکوٹ میں گھوڑا گھاٹ تھانے کی حدود میں سیاہ کاری کے الزام پر دیور نے اپنی بھابی کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا، واردات کے بعد ملزم موقع سے فرار ہو گیا، مقتولہ کا نام کنجل سندرانی بتایا جا رہا ہے جس کی لاش بھی نہیں ملی۔ محراب پور کے قریب بھریا سٹی تھانے کی حدود گاؤں اللہ دتہ بھنبھرو میں مسمات صابرہ بھنبھرو زوجہ رحیم بخش بھنبھرو نے مبینہ گھریلو ناراضگی کے باعث گندم میں رکھی جانے والی زہریلی گولیاں کھا کر خودکشی کرلی، ورثاء کے مطابق خاتون نے گھریلو تکرار پر طیش میں آکر گولیاں کھا لیں۔

دوسری جانب مورو تھانے کی حدو گاؤں ہارون ماچھی میں علی اکبر ماچھی کے گھر میں کھانا کھانے سے مسمات روشنی، مسمات سجنی، مسمات ثمینہ اور انکے 5 معصوم بچے بے ہوش ہو گئے ، جنہیں اسپتال داخل کرایا گیا۔ دریں اثنا حب میں ساکران تھانے کی حدودحسن پیر میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا جس کی شناخت 22سالہ ملکہ گل ولد گل محمد کے نام سے ہو ئی، لاش کو ایدھی ایمبولینس کے ذریعے سول اسپتال حب منتقل کیا گیا جبکہ حب سٹی تھانے کی حدود میں گڈانی اسٹاپ کے قریب سے ایک خاتون کی لاش برآمد ہو ئی جس کی شناخت نہیں ہو سکی، ایدھی ذرائع کے مطابق لاش کو ایدھی سرد خانے کراچی منتقل کردیا گیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں