محراب پور میں محبت کی شادی کاتنازع جان لے گیا
ٹھارو شاہ میں سیال، مستوئی برادریوں کا تصادم، عاجز سیال جاں بحق، عمیر زخمیکنڈیارو میں لڑکی ڈوب گئی، نہر سے لاش ملی، میرپور خاص میں خاتون کی خودکشی
محراب پور، اندرون سندھ (نمائندگان) محراب پور میں پسند کی شادی کے تنازع نے جان لے لی، جبکہ کنڈیارو اور میرپور خاص میں ڈوب کر 3افراد ہلاک ہوگئے۔ محراب پور کے قریب ٹھارو شاہ تھانے کی حدود میں سیال اور مستوئی برادریوں میں پسند کی شادی پرشروع ہونیوالی تکرار پر دوبارہ تصادم میں عاجز سیال اور عمیر سیال زخمی ہوگئے ، بعد ازاں عاجز سیال نواب شاہ اسپتال میں چل بسا۔ کشیدگی کے باعث علاقہ نوگو ایریا بنا ہوا اور فریقین مورچہ بند ہیں۔ ادھر کنڈیارو میں دریائے سندھ بھاگو ڈیرو کے مقام پر 13 سالہ لڑکی دریا میں ڈوب کر جاں بحق ہوگئی، مقامی غوطہ خوروں نے لاش نکال لی۔ڈوبنے والی لڑکی کی شناخت گاؤں رکھیل ملاح کی رہائشی 13 سالہ راحیلاں ملاح کے نام سے ہوئی۔ورثا کے مطابق لڑکی گھر سے باہر نکلی تو پاؤں پھسلنے سے دریا میں گری۔
جبکہ لنڈو موری کے پاس گزرنے والی شاخ سے ایک کمسن لڑکے کی لاش ملی، پولیس نے مقامی افراد کی مدد سے لاش شاخ سے نکال کر تحصیل اسپتال منتقل کردی۔ پولیس کے مطابق جاں بحق لڑکے کی شناخت محراب پور کے رہائشی 7 سالہ کرن بھیل کے نام سے ہوئی۔ دریں اثنا میرپورخاص کے کھان تھانے کی حدود گاؤں پیر بخش بروہی کی رہائشی 4 بچوں کی ماں شمون کولہی نے مبینہ گھریلو ناچاکی پرجمڑاؤ کینال میں چھلانگ لگا کر خودکشی کر لی، اطلاع پر ورثاء نے خاتون کی لاش کینال سے نکال لی، ضروری کارروائی کے بعد لاش ورثاء کے حوالے کر دی گئی۔