سانگھڑ:تمام نہروں پردفعہ 144نافذ، نہانے پر90روزہ پابندی
نوٹیفکیشن جاری، متعلقہ انتظامیہ، پولیس احکامات پرعمل کرائیں، کمشنر نوابشاہ شہمیر بھٹو
سانگھڑ (ڈسٹرکٹ رپورٹر)کمشنر شہید بینظیر آباد ڈویژن شہمیر بھٹو کی ہدایت پر ضلع سانگھڑ کی تمام نہروں پر دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے ، جس کے تحت شہریوں کے نہروں میں نہانے پر 90 روز کے لیے پابندی عائد کر دی گئی ہے ۔ اس سلسلے میں باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے ۔ جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ضلع بھر کی نہروں، شاخوں اور آبی گزرگاہوں میں نہانے پر مکمل پابندی ہوگی۔ کمشنر شہید بینظیر آباد ڈویژن شہمیر بھٹو نے متعلقہ انتظامیہ اور پولیس حکام کو ہدایت کی ہے کہ پابندی کی خلاف ورزی کرنے والے افراد کے خلاف فوری قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے اور متعلقہ ایس ایچ اوز مقدمات درج کریں۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق یہ اقدام شہریوں کی جانوں کے تحفظ اور نہروں میں پیش آنے والے ممکنہ حادثات اور آبی خطرات سے بچاؤ کے لیے اٹھایا گیا ہے ۔ انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے بچوں اور اہل خانہ کو نہروں میں نہانے سے روکیں اور دفعہ 144 پر مکمل عملدرآمد یقینی بنائیں۔