ٹریفک حادثے میں 12سالہ لڑکا جاں بحق
کراچی(اسٹاف رپورٹر)شارع فیصل کراچی پولیس آفس کے قریب ٹریفک حادثے میں 12 سالہ لڑکا جاں بحق ہوگیا متوفی کی شناخت عثمان ولد عمران کے نام سے ہوئی لواحقین کے مطابق عثمان کے پی او کے قریب فیصل اپارٹمنٹ کا رہائشی تھا۔
متوفی بچہ اپارٹمنٹ کے باہر سائیکل چلا رہا تھا،تیز رفتار ٹریکٹر نے بچے کو ٹکر ماری حادثے کے نتیجے میں بچہ موقع پر جاں بحق ہوگیا جس کی لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا حادثے کے بعد ٹریکٹر ڈرائیور نے فرار ہونے کی کوشش کی جسے عوام نے پکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ کے حوالے سے زیر حراست ڈرائیور سے تفتیش کی جارہی ہے ۔متوفی عثمان چار بہن بھائیوں میں دوسرے نمبر پر اور چوتھی جماعت کا طالب علم تھا ۔ریسکیو ذرائع کے مطابق بلوچ کالونی کے علاقے کشمیر کالونی نالے والے روڈ پر نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے ایک 20 سالہ راہگیر جاں بحق ہوگیا۔ادھر قیوم آباد میں جام صادق پل پر تیز رفتار ٹریلر کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار موقع پر ہی دم توڑ گیا۔متوفی کی شناخت 40 سالہ شکیل کے نام سے کی گئی۔