ڈپٹی کمشنرٹوبہ کا امتحانی مرکز کا دورہ، میرٹ یقینی بنانیکی ہدایت
امتحانی ماحول، سکیورٹی اور سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا ، روشنی بھی چیک کی
ٹو بہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر)انٹرمیڈیٹ سالانہ امتحانات کے شفاف، منصفانہ اور میرٹ پر مبنی انعقاد کو یقینی بنانے کے سلسلے میں ڈپٹی کمشنر عمر عباس میلہ نے گورنمنٹ اسلامیہ ہائی سکول گوجرہ میں قائم امتحانی مرکز کا اچانک دورہ کیا۔دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے امتحانی عمل، سکیورٹی انتظامات اور مجموعی امتحانی ماحول کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے امتحانی ہالز کا معائنہ کرتے ہوئے طلبہ کے لیے فراہم کردہ سہولیات، صفائی ستھرائی، روشنی اور بجلی کی فراہمی کا بھی جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر عمر میلہ نے امتحانی عملے کی حاضری، ڈیوٹی روسٹر اور دیگر انتظامی امور کو چیک کیا، جبکہ نقل کی روک تھام اور امتحانات کی شفافیت کے لیے نافذ کیے گئے اقدامات کا بھی بغور معائنہ کیا۔انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ امتحانات کے دوران بجلی کی بلا تعطل فراہمی اور طلبہ کے لیے پینے کے صاف پانی کی دستیابی ہر صورت یقینی بنائی جائے ۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر عمر عباس میلہ نے کہا کہ امتحانی مراکز میں نظم و ضبط، شفافیت اور میرٹ کو ہر صورت برقرار رکھا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ کو پرامن، سازگار اور منصفانہ امتحانی ماحول فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے تاکہ وہ یکسوئی کے ساتھ اپنے امتحانات دے سکیں۔