صوبے کی تقسیم سے متعلق کوئی تجویز قبول نہیں، ناصر شاہ

صوبے کی تقسیم سے متعلق کوئی تجویز قبول نہیں، ناصر شاہ

سندھ ایک تھا، ہے اور رہے گا، ریفرنڈم کے معاملے پرگھبرانے کی ضرورت نہیںاگر ریفرنڈم کوعملی شکل دی گئی توہم عوام کے ساتھ ہونگے ، حیدر آباد میں خطاب

حیدر آباد (بیورو رپورٹ)وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ سندھ ایک تھا، ایک ہے اور ایک رہے گا، صوبے کی تقسیم سے متعلق کسی بھی تجویز کو قبول نہیں کیا جائیگا۔ آئین پاکستان میں نئے صوبے کے قیام کا طریقہ کار واضح ہے ، جس کیلئے متعلقہ صوبائی اسمبلی کی دو تہائی اکثریت ضروری ہے ۔ ریفرنڈم کے معاملے پر گھبرانے کی ضرورت نہیں کیونکہ آئین کی متعلقہ شق میں ایسا کوئی طریقہ کار موجود نہیں۔ اگر ریفرنڈم کی بات کو عملی شکل دی گئی تو ہم عوام کے ساتھ کھڑے ہوں گے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے قاسم آباد میں لائبریری کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں یہ تاثر دینے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ پیپلز پارٹی نے صوبے کا بیڑا غرق کر دیا، لیکن اگر ایسا ہوتا تو عوام ہر الیکشن میں پیپلز پارٹی کو ووٹ کیوں دیتے؟ تمام تر مشکلات اور سیاسی محاذ آرائی کے باوجود پیپلز پارٹی عوام کا اعتماد حاصل کرتی رہی ہے۔

شرجیل انعام میمن کو جیل میں ہونے کے باوجود عوام نے ووٹ دیے ۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے خلاف منفی تاثر پیدا کرنے کی کوششوں اور مختلف سیاسی تبصروں کو حقیقت کے تناظر میں دیکھنے کی ضرورت ہے ۔صوبائی وزیر نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے واضح کیا ہے کہ ہم وزیراعظم کو مضبوط دیکھنا چاہتے ہیں، تاہم وزیراعظم کی جانب سے اب تک صوبوں کے حوالے سے بات نہیں کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی وزرا، کاروباری شخصیات اور بعض دانشوروں کی جانب سے نئے صوبوں کے قیام اور ریفرنڈم سے متعلق ایک فارمولا پیش کیا گیا ہے ، جو ایک غیر ضروری بحث کو جنم دے رہا ہے ۔ اگر نئے صوبے بنانے ہیں تو آئین میں اس کا طریقہ واضح طور پر موجود ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...