این جے دی اسکول میں بحال شدہ تاریخی اسمبلی ہال کا افتتاح

 این جے دی اسکول میں بحال شدہ تاریخی اسمبلی ہال کا افتتاح

سڑکیں، پل اور عمارتیں تعمیر کرنا کافی نہیں، بچوں کی تعلیم پر توجہ کے بغیر دیگر ترقیاتی منصوبے بے معنی ،وزیراعلیٰتعلیم حکومت کی اولین ترجیح ہے ،مراد علی شاہ کا خطاب،ایجوکیشن سٹی میں توسیع کے لیے 15 ایکڑ اراضی دینے کا اعلان

کراچی (این این آئی) وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے نارائن جگن ناتھ ویدیا (این جے وی) اسکول میں مرمت اور بحالی کے بعد تاریخی پرانی سندھ اسمبلی ہال کا افتتاح کر دیا، جبکہ ادارے کی توسیع کے لیے ایجوکیشن سٹی میں 15 ایکڑ اراضی فراہم کرنے کا اعلان بھی کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ صوبے بھر کے بچوں کو معیاری تعلیم اور یکساں مواقع فراہم کرنے کے لیے پْرعزم ہے ۔بچوں کے عالمی دن کے موقع پر این جے وی اسکول میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعلیٰ سندھ نے کہا کہ تاریخی اسمبلی ہال کو اس کی اصل شکل میں بحال کیا گیا ہے ، جسے سندھ کی پارلیمانی اور جمہوری تاریخ میں خصوصی اہمیت حاصل ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ قیام پاکستان کے بعد 1947ء میں سندھ اسمبلی قومی اسمبلی کا حصہ بن گئی تھی، جبکہ این جے وی اسکول میں موجود پرانا اسمبلی ہال صوبائی قانون سازی کی کارروائیوں کے لیے استعمال ہوتا رہا۔

وزیرِ اعلیٰ نے تجویز دی کہ اس تاریخی مقام کو عجائب گھر میں تبدیل کیا جائے تاکہ آنے والی نسلیں سندھ کی تاریخ، شناخت اور جمہوری سفر سے آگاہ ہوسکیں۔افتتاح کے بعد وزیرِ اعلیٰ سندھ بحال شدہ ہال میں صدارتی کرسی پر بیٹھے اور اساتذہ و طلبہ کے ساتھ گروپ فوٹو بنوایا۔ تعلیم کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے سید مراد علی شاہ نے کہا کہ حکومت سندھ، اخوت اور این جے وی کے اشتراک سے مستحق بچوں کو معیاری تعلیم فراہم کر رہی ہے ۔ طلبہ نے اپنی صلاحیتوں اور اعتماد سے ثابت کیا ہے کہ وہ کسی بھی بین الاقوامی تعلیمی ادارے کے بچوں کا مقابلہ کرسکتے ہیں۔ ہمارے بچوں میں بے پناہ صلاحیتیں موجود ہیں، انہیں صرف مواقع اور مناسب رہنمائی کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ تعلیم حکومت سندھ کی اولین ترجیح ہے اور اس شعبے میں سرمایہ کاری کے بغیر ترقی ممکن نہیں۔

سڑکیں، پل اور عمارتیں تعمیر کرنا کافی نہیں، اگر بچوں کی تعلیم پر توجہ نہ دی جائے تو ترقی کے دیگر منصوبے بھی بے معنی ہوجائیں گے ۔این جے وی اسکول کی توسیع کے منصوبے کے حوالے سے مراد علی شاہ نے بتایا کہ حکومت سندھ نے ادارے کو ایجوکیشن سٹی میں 15 ایکڑ اراضی فراہم کی ہے ، جہاں ایک بڑا ہاسٹل اور اضافی تعلیمی سہولیات قائم کی جائیں گی۔ ادارے کے لیے جدید اسپورٹس کمپلیکس بھی تعمیر کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ توسیعی منصوبے سے سندھ بھر کے مزید مستحق طلبہ کو تعلیمی سہولیات فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔ انہیں بتایا گیا کہ اسکول کے تقریباً 70 فیصد اخراجات انڈومنٹ فنڈ جبکہ بقیہ 30 فیصد عطیات اور دیگر ذرائع سے پورے کیے جاتے ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...