ہائبرڈ،بائیوٹیک ٹیکنالوجی،سنجینٹا کی حکومتی حکام سے ملاقاتیں
پاکستان میں جدید ٹیکنالوجیز متعارف کرانے ، زرعی پیداواربڑھانے پرتبادلہ خیال
لاہور(سٹاف رپورٹر)سنجینٹا گروپ کے شعبہ بیج کے سربراہ برائے افریقہ، مشرق وسطیٰ اور ایشیا، منجی ینگ نے حکومتی حکام کیساتھ مشاورتی ملاقاتوں کے سلسلے میں پاکستان کا دورہ کیا۔ وفد میں سنجینٹا پاکستان کے کنٹری جنرل منیجر ذیشان بیگ، ہیڈ آف کارپوریٹ افیئرز علی مرتضیٰ اور ہیڈ آف فیلڈ کراپس خرم شہزاد شامل تھے ۔ملاقاتوں میں جدید بیج ٹیکنالوجیز پاکستان میں متعارف کرانے ، زرعی پیداوار میں اضافے ، اور غذائی تحفظ کیلئے پاکستان اور چین میں تعاون مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ ملاقاتوں میں اہم فصلوں بالخصوص کپاس، مکئی، ہائبرڈ گندم، چاول اور سورج مکھی کیلئے جدید بیج ٹیکنالوجیز متعارف کرانے پر غور کیا گیا۔ لاہور میں منجی ینگ اور سنجینٹا کی انتظامی ٹیم نے محکمہ زراعت پنجاب کے حکام سے ملاقات کی، صدارت صوبائی وزیر زراعت عاشق حسین نے کی۔ پنجاب حکومت نے سنجینٹا گروپ کی قیادت کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔اسلام آباد میں وفد کی وفاقی وزیر اور سیکرٹری برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق، نیشنل ایگری ٹریڈ اینڈ فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے چیئرمین، وزیراعظم آفس کے نمائندوں اور وفاقی سیکرٹری تجارت سے ملاقاتوں میں بائیوٹیک بیجوں کی درآمد، کپاس کی اقسام کی منظوری، بائیولوجیکل مصنوعات پر ٹیکس کے اطلاق اور کسٹمز میں ان مصنوعات کی درجہ بندی سے متعلق امور پر بھی بات چیت ہوئی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments