انتظامی مسائل کاحل نئے صوبے ، مخالفت کیوں؟ ثروت اعجاز

انتظامی مسائل کاحل نئے صوبے ، مخالفت کیوں؟ ثروت اعجاز

انتظامی بہتری، انصاف فراہمی، گورننس موثر بنانے کیلئے نئے صوبے ضروریملک میں نظام ری سیٹ کرنے کی ضرورت، میرپور خاص میں میٹ دی پریس

میرپور خاص (بیورو رپورٹ)سنی تحریک کے چیئرمین ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ ملک میں انتظامی بہتری عوام کو انصاف کی فراہمی اور گورننس کے نظام کو مؤثر بنانے کے لیے نئے صوبوں اور انتظامی یونٹس کا قیام ضروری ہے ، خیبرپختونخوا اور پنجاب میں نئے صوبوں کی حمایت کی جارہی ہے تو سندھ میں اس کی مخالفت کیوں کی جارہی ہے ؟ ملک میں سیاست کے بجائے نظام کو ری سیٹ کرنے کی ضرورت ہے ، ثروت اعجاز قادری نے مزید کہا کہ شریعت میں نئے صوبوں کے قیام کی کوئی ممانعت نہیں دنیا کے کئی ممالک میں انتظامی سہولت اور عوامی مسائل حل کیلئے زیادہ صوبے قائم کیے گئے ہیں، جبکہ پاکستان میں اب تک صرف چار صوبے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اصل مسئلہ صوبوں کی تعداد نہیں بلکہ عوام کو انصاف، سہولیات اور بہتر انتظامی نظام کی فراہمی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر کراچی میں انتظامی امور بہتر بنانے کیلئے نئے اضلاع قائم کیے جاسکتے ہیں تو ملک میں 12 سے 15 انتظامی یونٹس بھی بنائے جاسکتے ہیں، نئے انتظامی یونٹس کے قیام کیلئے آئین اور قانون موجود ہیں، لہٰذا ملک کی بہتری اور عوامی مسائل حل کیلئے اس معاملے پر سنجیدگی سے غور کیا جانا چاہیے ۔ ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ سندھ اسمبلی میں نئے صوبوں کے قیام سے متعلق قرارداد موجود ہے جبکہ پنجاب اور خیبرپختونخوا میں نئے صوبوں کی حمایت کی جارہی ہے ، تو سندھ میں نئے صوبوں کی مخالفت کی وجوہات کیا ہیں؟ انہوں نے زور دیا کہ اس معاملے پر سیاسی جماعتوں اور متعلقہ فریقین کو مل بیٹھ کر اتفاق رائے سے حل تلاش کرنا چاہیے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...