اقلیتی برادری کے طلبہ کی مشکلات حل کرنے کیلئے پرعزم،ڈاکٹر شام سندر
کراچی(اسٹاف رپورٹر)وزیر اعلیٰ سندھ کے خصوصی معاون برائے اقلیتی امور ڈاکٹر شام سندر آڈوانی نے کہا ہے کہ سندھ حکومت اقلیتی برادری کے طلبہ کی تعلیمی مشکلات حل کرنے کے لیے پرعزم ہے ۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ صوبے کی 30 سرکاری جامعات کے مستحق طلبہ کو 100 فیصد میرٹ پر اسکالرشپ فراہم کی جا رہی ہیں۔ ہر منتخب طالب علم کو 50 ہزار روپے کا تعلیمی امدادی چیک دیا جا رہا ہے ۔ڈاکٹر شام سندر آڈوانی کے مطابق رواں سال اسکالرشپ کے لیے 2 ہزار سے زائد درخواستیں موصول ہوئیں، جن میں میرٹ کا سخت معیار برقرار رکھا گیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ اسکالرشپ پروگرام پاکستان پیپلز پارٹی کی تعلیمی پالیسی اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے وژن کی عکاسی ہے ۔