جیکب آباد:نئے فیڈر کی منظوری کیلئے ایم این اے کاحکام کوخط
جیکب آباد:نئے فیڈر کی منظوری کیلئے ایم این اے کاحکام کوخطلوڈ شیڈنگ، ٹرپنگ سے نمٹنے کیلئے 12 کروڑ جاری کئے جائیں، اعجاز جکھرانی
جیکب آباد (نمائندہ دنیا)جیکب آباد میں بجلی کے نئے فیڈر کی منظوری کے لیے ایم این اے کا حکام کو خط، 12 کروڑ روپے کے فنڈز جاری کرنے کا مطالبہ۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد میں بجلی کے سنگین بحران، طویل لوڈ شیڈنگ اور بار بار ٹرپنگ کے مسئلے کے حل کے لیے رکن قومی اسمبلی میر اعجاز حسین جکھرانی نے سیکریٹری انرجی ڈیپارٹمنٹ حکومت سندھ کو ایک خط ارسال کرتے ہوئے جیکب آباد شہر کے لیے اضافی الیکٹرک فیڈر کے قیام اور اس منصوبے کے لیے 12 کروڑ روپے کے فنڈز فوری طور پر جاری کرنے کا مطالبہ کیا ہے ، خط میں کہا گیا ہے کہ جیکب آباد کے شہری شدید گرمی کے موسم میں بجلی کی غیر اعلانیہ بندش، فیڈرز پر بڑھتے ہوئے بوجھ اور مسلسل ٹرپنگ کے باعث شدید مشکلات کا شکار ہیں، موجودہ نظام شہریوں اور کاروباری طبقے کی ضروریات پوری کرنے سے قاصر ہوچکا ہے جس کے باعث عوام میں بے چینی بڑھ رہی ہے ، ایم این اے میر اعجاز حسین جکھرانی نے اپنے خط میں ڈپٹی کمشنر جیکب آباد کے 18 مئی 2026 کے خط کا حوالہ دیتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ موجودہ انڈسٹریل فیڈز کو کمرشل اور نان کمرشل صارفین کے ساتھ منسلک کیے جانے کے باعث بجلی کی تقسیم کا نظام شدید دباؤ کا شکار ہے ، انہوں نے تجویز دی کہ صنعتی صارفین کے لیے الگ فیڈز قائم کیا جائے تاکہ دیگر فیڈرز پر لوڈ کم ہو اور ٹرپنگ و وولٹیج کے مسائل کا خاتمہ ممکن بنایا جاسکے ، انہوں نے سیکریٹری انرجی سندھ سے مطالبہ کیا کہ سیپکو اور متعلقہ اداروں کیلئے مطلوبہ فنڈز آؤٹ آف بجٹ یا کسی ترقیاتی اسکیم کے تحت فوری جاری کیے جائیں۔