محراب پور:موٹر سائیکل سوار 2نوجوان روہڑی کینال میں ڈوب گئے

محراب پور:موٹر سائیکل سوار 2نوجوان روہڑی کینال میں ڈوب گئے

لاشوں کی تلاش، جیکب آباد میں پستول صاف کرتے گولی چلنے سے نوجوان ہلاککھپرو کے قریب نارا کینال میں گرنے والے بیٹے کو بچاتے ہوئے باپ ڈوب گیا

اندرون سندھ (نمائندگان دنیا)محراب پور میں موٹر سائیکل نہر میں گرنے سے 2 نوجوان ہلاک، جبکہ کھپرو اور جیکب آباد میں بھی مختلف واقعات میں 2 اموات ہوئیں۔ محراب پور میں پھل سدھوجا رابطہ سڑک پر پھل فال ریگولیٹر کے پاس موٹر سائیکل پر سوار 18 سالہ غلام علی ولد شمن علی وگن اور 10 سالہ علی وگن ولد علی ڈنو وگن گاڑی سمیت روہڑی کینال میں گر کر ڈوب گئے ، پولیس اور ورثا نے لاشوں کی تلاش شروع کر دی، ڈپٹی کمشنر نوشہرو فیروز محمد ارسلان سلیم کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ بھی پہنچ گئی۔ نواب شاہ سے ریسکیو 1122 کی ٹیم کو طلب کرلیا گیا۔ جیکب آباد کے گاؤں بگن عمرانی میں گھر کے اندر مبینہ پستول صاف کرتے اچانک گولی چلنے کے نتیجے میں نوجوان کشمیر عمرانی شدید زخمی ہوگیا، جو اسپتال منتقلی کے دوران راستے میں چل بسا۔ کھپرو کے قریب گاؤں کھوڑی کے پاس نارا نہرِ میں 12 سالہ بچہ گل حسن پاؤں پھسلنے کے باعث جا گرا۔ بیٹے کو اپنی آنکھوں کے سامنے ڈوبتا دیکھ کر اس کے والد دریا خان جانوری نے چھلانگ لگا دی۔ باپ نے اپنی جان کی پروا کیے بغیر بیٹے کو بچا لیا، لیکن خود تیز بہاؤ کی نذر ہو کر ڈوب گیا۔ واقعے کے بعد علاقہ مکینوں اور ورثاء نے دریا خان جانوری کی تلاش شروع کر دی ہے ، جبکہ پولیس کو بھی واقعے کی اطلاع دے دی گئی ہے ۔ متاثرہ خاندان اور علاقہ مکینوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر ماہر غوطہ خور بھیج کر تلاش کا عمل تیز کیا جائے ۔ دوسری طرف دریا خان جانوری کے ڈوبنے کی خبر ملتے ہی ان کے گھر میں کہرام مچ گیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں