پڈعیدن میں گیسٹرو پھیلنے سے بچہ جاں بحق، 10 مبتلا

پڈعیدن میں گیسٹرو پھیلنے سے بچہ جاں بحق، 10 مبتلا

تنویر نے نجی اسپتال میں دم توڑا، گاؤں حسین بخش میں طبی سہولتیں نایابخبر منظر عام پر آنے کے بعد محکمہ صحت متحرک، طبی ٹیم علاقے میں پہنچ گئی

پڈعیدن(نمائندہ دنیا)گاؤں حسین بخش جویو میں گیسٹرو کا مرض پھیل گیا، جس کے باعث 7 سالہ بچے تنویر حسین ولد رفیق احمد جویو کی موت واقع ہو گئی، جبکہ 10 سے زائد مزید بچے مرض میں مبتلا ہیں۔ متوفی بچے کے والد نے بتایا کہ تنویر حسین کو گزشتہ روز سے پیٹ درد، قے اور دستوں کی شکایت تھی۔ اسے علاج کے لیے ایک نجی اسپتال لے جایا گیا، جہاں مناسب طبی سہولیات کی عدم دستیابی اور حالت بگڑنے کے باعث وہ جانبر نہ ہو سکا۔ اہلِ علاقہ کے مطابق گاؤں میں اب بھی 10 سے زائد بچے پیٹ درد، دست اور قے جیسی علامات میں مبتلا ہیں۔ متاثرہ خاندانوں نے شکایت کی کہ محکمہ صحت صورتحال سے بے خبر ہے ، اور بروقت اقدامات نہیں کیے گئے ۔ انہوں نے انتظامیہ اور محکمہ صحت سے مطالبہ کیا کہ گاؤں میں فوری طور پر میڈیکل ٹیمیں بھیجی جائیں، بچوں کا طبی معائنہ کیا جائے اور حفاظتی اقدامات یقینی بنائے جائیں تاکہ مزید قیمتی جانوں کو بچایا جا سکے ۔ دوسری جانب خبر منظرِ عام پر آنے کے بعد محکمہ صحت متحرک ہو گیا۔ ڈی ایچ او نوشہرو فیروز ڈاکٹر اختیار میرانی کی ہدایات پر پڈعیدن رورل ہیلتھ سینٹر کی ٹیم، ایم ایس ڈاکٹر عبدالفَتاح راجپر کی سربراہی میں متاثرہ گاؤں پہنچی، جہاں بیمار بچوں کا طبی معائنہ کیا گیا۔ طبی ٹیم نے متاثرہ بچوں کو ادویات، او آر ایس اور دیگر ضروری طبی سہولیات فراہم کیں۔ اس موقع پر والدین کو صاف پانی کے استعمال، صفائی ستھرائی برقرار رکھنے اور گیسٹرو سے بچاؤ کے حوالے سے آگاہی بھی دی گئی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں