گھوٹکی:گرے ٹاور بحالی میں سیپکو ناکام، بجلی نظام درہم برہم
3روز قبل طوفان سے کموںشہید میں ٹاور اور پول گرے تھے ، شہری بے حالہنگامی بنیادوں پر کام جاری ہے ،48گھنٹے میں بجلی بحال کردیں گے ، سیپکو چیف
گھوٹکی، لاڑکانہ (نمائندگان)گھوٹکی میں تین روز قبل آنے والے شدید طوفان کے دوران کموں شہید کے مقام پر مین سپلائی کے ٹاور گرنے کے باعث ضلع بھر میں بجلی کا نظام شدید متاثر ہو گیا، جبکہ تین دن گزر جانے کے باوجود بجلی مکمل طور پر بحال نہیں ہو سکی ہے ۔ سیپکو حکام کے مطابق متاثرہ ٹاورز اور بجلی کی تنصیبات کی مرمت کا کام گزشتہ تین روز سے مسلسل جاری ہے ، تاہم نقصان زیادہ ہونے کے باعث بحالی کے عمل میں تاخیر ہو رہی ہے ۔ دوسری جانب بجلی کی مسلسل بندش کے باعث ضلع گھوٹکی کے تمام چھوٹے اور بڑے شہروں میں معمولات زندگی بری طرح متاثر ہو چکے ہیں۔ شدید گرمی کے موسم میں شہری سخت مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں جبکہ کاروباری سرگرمیاں بھی متاثر ہو رہی ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ تین روز سے بجلی نہ ہونے کے باعث گھروں میں پینے کے پانی اور روزمرہ استعمال کے پانی کی شدید قلت پیدا ہو گئی ہے ۔ ادھر بجلی کی طویل بندش کے باعث شہر میں برف کا بحران بھی پیدا ہو گیا۔ بعض مقامات پر برف بلیک میں فروخت ہونے کی اطلاعات ہیں۔ دوسری جانب سیپکو کے آپریشنل چیف مشتاق حسین بڑدی نے کہا ہے کہ شدید آندھی سے متاثر ہونے والے بجلی کے نظام کی بحالی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر کام جاری ہے ، جبکہ نوڈیرو اور رتوڈیرو کی بجلی آئندہ 48 گھنٹوں میں بحال کردی جائے گی، متاثرہ علاقوں کے دورے کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ حالیہ طوفان کے نتیجے میں سیپکو کے ٹرانسمیشن اور ڈسٹری بیوشن نظام کو شدید نقصان پہنچا۔