میرپور خاص:سول اسپتال کی لیب میں 2نئے تشخیصی ٹیسٹ متعارف
مینو میں سیرم ایمائلیز اور آراے فیکٹر کوانٹی ٹیٹو شامل کردیے ، پیتھالوجسٹسیرم سے پینکریاز اور کوانٹی ٹیٹو سے جوڑوں کے درد کی تشخیص ممکن ہوسکے گی
میرپور خاص (بیورو رپورٹ)ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر سول اسپتال کی لیبارٹری میں دو نئے تشخیصی ٹیسٹ متعارف کرادیئے گئے ، طبی سہولیات میں اضافہ تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر (ڈی ایچ کیو) لیب، اولڈ سول اسپتال میں مریضوں کو بہتر اور جدید تشخیصی سہولیات فراہم کرنے کے لیے دو نئے لیبارٹری ٹیسٹ متعارف کرا دیے گئے ہیں پیتھالوجسٹ ڈاکٹر حبیب اللہ میمن کے مطابق لیب کے ٹیسٹ مینو میں سیرم ایمائلیز اور آر اے فیکٹر کوانٹی ٹیٹو شامل کر دیے گئے ہیں انہوں نے بتایا کہ سیرم ایمائلیز ٹیسٹ لبلبے (پینکریاز) سے متعلق بیماریوں اور دیگر متعلقہ طبی مسائل کی تشخیص اور نگرانی میں اہم کردار ادا کرتا ہے جبکہ آر اے فیکٹر کوانٹی ٹیٹو ٹیسٹ ریمیٹائڈ آرتھرائٹس (جوڑوں کی سوزش) اور دیگر خودکار مدافعتی (Autoimmune) بیماریوں کی تشخیص اور علاج کے مؤثر انتظام میں معاون ثابت ہوگا ڈاکٹر حبیب اللہ میمن کا کہنا تھا کہ ان جدید ٹیسٹوں کی شمولیت ڈی ایچ کیو لیب کے اس عزم کی عکاسی کرتی ہے کہ مریضوں کو بروقت، معیاری اور جدید تشخیصی سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ علاج کے عمل کو مزید مؤثر بنایا جا سکے انہوں نے کہا کہ لیب میں درست نتائج، بروقت رپورٹنگ اور معیاری طبی خدمات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے جس سے نہ صرف مقامی مریضوں کو فائدہ ہوگا بلکہ انہیں دیگر شہروں کا رخ کرنے کی ضرورت بھی کم پڑے گی ڈی ایچ کیو لیب انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ تشخیص کے لیے مستند اور معیاری لیبارٹری سہولیات سے استفادہ کریں۔