اورنگی میں گیس لائنیں تبدیل کرنے کافیصلہ ہوگیا، امین الحق

اورنگی میں گیس لائنیں تبدیل کرنے کافیصلہ ہوگیا، امین الحق

حق پرست قیادت کی کاوشوں سے 1,088کلومیٹر لائنیں تبدیل ہوں گیحکام سے ملاقات میں پریشر کمی دیگر مسائل پر گفتگو ہوئی، سینئر مرکزی رہنما

کراچی(اسٹاف رپورٹر)ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر مرکزی رہنما سید امین الحق نے کہا ہے کہ اورنگی ٹاؤن کے عوام کو درپیش گیس کے مسائل کے مستقل حل کیلئے اہم پیشرفت ہوئی ہے اور حق پرست قیادت کی کاوشوں سے سوئی سدرن گیس کمپنی نے علاقے میں 1,088 کلومیٹر طویل بوسیدہ گیس پائپ لائنوں کی تبدیلی کا فیصلہ کر لیا ہے ۔یہ فیصلہ سید امین الحق کی قیادت میں ایم کیو ایم پاکستان کے وفد کی ایس ایس جی سی کے منیجنگ ڈائریکٹر امین راجپوت، ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر سعید رضوی اور دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقات کے دوران کیا گیا۔ ملاقات میں اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی علی خورشیدی اور ایم پی اے نصیر احمد بھی شریک تھے ۔ اجلاس میں کراچی میں گیس کی فراہمی، کم پریشر، لیکیج اور پرانے گیس نیٹ ورک سے متعلق مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ایس ایس جی سی حکام نے وفد کو آگاہ کیا کہ اربوں روپے کی لاگت سے اورنگی ٹاؤن کے مختلف علاقوں میں جدید گیس انفرااسٹرکچر نصب کیا جائے گا جبکہ 81 ہزار 100 سروس کنکشنز اور 14 ہزار 455 میٹرز کی منتقلی بھی منصوبے کا حصہ ہونگے ۔ اس موقع پر سید امین الحق نے کہا کہ اورنگی ٹاؤن کے عوام برسوں سے گیس کی فراہمی میں تعطل، کم پریشر اور بوسیدہ پائپ لائنوں کے باعث مشکلات کا سامنا کر رہے تھے ، ایم کیو ایم پاکستان عوامی مسائل کے حل کے لیے مسلسل جدوجہد کر رہی ہے اور یہ منصوبہ لاکھوں شہریوں کے لیے ریلیف کا باعث بنے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں