میٹرک نتائج 10، انٹرمیڈیٹ کے 31جولائی تک جاری ہونگے

میٹرک نتائج 10، انٹرمیڈیٹ کے 31جولائی تک جاری ہونگے

میرٹ و نظام کی بہتری کیلئے ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے ، وزیر جامعات اسماعیل راہو

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)سندھ حکومت نے میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات کے نتائج جاری کرنے کی تاریخوں کا اعلان کر دیا ۔میٹرک کے نتائج 10 جولائی جبکہ انٹرمیڈیٹ کے 31 جولائی تک جاری کئے جائینگے ۔یہ فیصلہ وزیر جامعات و تعلیمی بورڈز سندھ اسماعیل راہو کی زیر صدارت ہونے والے اہم اجلاس میں کیا گیا جس میں سیکریٹری جامعات عباس بلوچ اور صوبے کے تمام تعلیمی بورڈز کے چیئرمینز نے شرکت کی۔ اجلاس میں صوبے بھر میں مکمل ہونے والے میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس کے دوران تمام تعلیمی بورڈز نے اپنے اپنے ڈویژنز میں منعقدہ امتحانات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ اسماعیل راہو نے کہا کہ سندھ کے تمام ڈویژنز میں میٹرک کے نتائج 10 جولائی تک جاری کیے جائیں گے جبکہ انٹرمیڈیٹ کے نتائج 31 جولائی تک جاری کر دیے جائیں گے ۔وزیر جامعات نے کہا کہ حکومت تمام تعلیمی بورڈز میں شفافیت، میرٹ اور امتحانی نظام کی بہتری کیلئے ہر ممکن تعاون فراہم کریگی۔ چیئرمینز نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ نویں اور گیارہویں جماعت کے نتائج بھی 31 اگست تک جاری کر دیے جائیں گے ۔سیکریٹری جامعات محمد عباس بلوچ نے اجلاس کو آگاہ کیا کہ کراچی میں امتحانات کے دوران دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر متعدد افراد کے خلاف مقدمات بھی درج کیے گئے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں