پارکوں کی چائنا کٹنگ کا سلسلہ نہ رک سکا

پارکوں کی چائنا کٹنگ کا سلسلہ نہ رک سکا

غلط ڈاکومنٹس کی بنیاد پر قبضہ کیا جارہا ،پولیس کی جانب سے معاملے میں مداخلت کرنے والوں کو گرفتاری اور مقدمہ درج کرنے کی دھمکی دی گئی ، وائس ٹاؤن چیئرمین

کراچی (سید علی مہدی )کراچی میں قبضہ مافیا سرگرم ، پارکوں کی چائنا کٹنگ کا سلسلہ نہ رک سکا ، ہل پارک میں متنازعہ تعمیرات کے بعد نیو کراچی میں بھی پارک میں متنازعہ تعمیرات کا معاملہ سامنے آگیا، نیو کراچی سیکٹر فائیو ای میں پولیس کی مبینہ سرپرستی میں پارک کو ختم کرکے متنازعہ تعمیرات جاری ، ٹاؤن انتظامیہ نے معاملے پر تمام متعلقہ فورم سمیت عدالت جانے کا عندیہ دے دیا ۔ تفصیلات کے مطابق شہر میں ہل پارک کے بعد نیو سیکٹر فائیو ای بلال کالونی تھانہ کے عقب میں واقع پارک میں بھی متنازعہ تعمیرات کا معاملہ سامنے آگیا ۔ اہل علاقہ اور ٹاؤن انتظامیہ کی مزاحمت و احتجاج کے باوجود بااثر افراد کی جانب سے پارک پر دھڑلے سے قبضہ کرکے تعمیرات جاری ہیں ۔ بااثر افراد کی جانب سے پارک میں تعمیرات کیلئے پولیس کو بھی ڈھال بنالیا گیا ہے ۔پولیس کی سرپرستی میں پارک کو ختم کرکے متنازعہ تعمیرات کا سلسلہ جاری ہے ، حیرت انگیز طور پر تین مختلف تھانوں کی پولیس موبائل کھڑی کرکے پارک کی زمین پر تعمیرات کی جاری ہیں ، بلال کالونی پولیس اسٹیشن ، نیو کراچی انڈسٹریل ایریا اور لیاقت آباد تھانے کی پولیس موبائل کی موجودگی میں پارک کی زمین پر قبضہ کیا جارہا ہے ۔ پولیس موبائل اور بااثر افراد کی موجودگی کے باعث اہل علاقہ خوفزدہ ہیں ۔ جبکہ نیو کراچی ٹاؤن انتظامیہ بھی قبضہ مافیا کے سامنے بے بس نظر آتی ہے ۔ وائس چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد شعیب نے دنیا نیوز کو بتایا کہ بااثر افراد کی جانب سے پلاٹ کی شفٹنگ کے غلط ڈاکومنٹس کی بنیاد پر پارک پر قبضہ کیا جارہا ہے ۔

نیو کراچی سیکٹر فائیو ای بلال کالونی تھانہ کے عقب میں ایس ٹی 20اور 21 پر واقع پارک پر چند ماہ قبل بھی بااثر افراد کی جانب سے قبضہ کرکے تعمیرات کرنے کی کوشیش کی گئی تھی ۔ جسے اہل علاقہ کی سخت مزاحمت و احتجاج کے باعث ناکام بنادیا گیا تھا ۔ بااثر افراد اہل علاقہ کی مزاحمت پر صوبائی محتسب کے احکامات لے آئے ۔ اور پولیس کی سرپرستی میں اہل علاقہ کو ڈرا دھمکا کر پاک پر تعمیرات شروع کردی ۔ جبکہ ٹاؤن انتظامیہ کے رابطے کرنے پر صوبائی محتسب کی جانب سے منتخب نمائندوں کو معاملے سے دور رہنے کی ہدایت کی گئی ۔ اور مداخلت کی صورت میں قانونی کاروائی سے بھی خبردار کیا گیا ۔محمد شعیب کے مطابق پولیس کی جانب سے بھی معاملے میں مداخلت کرنے والوں کی گرفتاری اور مقدمہ درج کرنے کی دھمکی دی گئی ہے ۔ جس سے اہل علاقہ خوفزدہ اور ٹاؤن انتظامیہ بھی محتاط ہوگئی ہے ۔ معاملے پر ٹاؤن انتظامیہ کی جانب سے متعلقہ فورم سمیت عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں