ٹھیکیدار کی درخواست پرکے ایم سی ودیگر کو نوٹس

ٹھیکیدار کی درخواست پرکے ایم سی ودیگر کو نوٹس

پارک میں جھولوں اور تفریحی انتظام کا ٹھیکہ پیشگی نوٹس کے بغیر ختم کردیا گیاواجبات ، چالان جمع کراتا رہا اور تفریحی ٹیکس بھی ادا کرتا رہا ،درخواست گزار

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائی کورٹ نے جمشید ٹاؤن کے میر عثمان علی پردہ پارک میں تفریحی سرگرمیوں کے ٹھیکیدار محمد ناصر کی درخواست پر کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن، ٹاؤن میونسپل کارپوریشن جناح ایسٹ اور دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ2008 میں جمشید ٹاؤن کی جانب سے جاری کردہ ٹینڈر میں کامیاب بولی دہندہ قرار دیے جانے کے بعد اسے پارک میں بچوں کے جھولوں، کھیلوں کے مقامات اور دیگر تفریحی سہولیات کے انتظام کا ٹھیکہ دیا گیا تھا۔ بعد ازاں معاہدے میں مختلف اوقات میں توسیع کی گئی اور آخری مرتبہ اس کی مدت 30 جون 2018 تک بڑھائی گئی۔ معاہدے کی مدت ختم ہونے کے بعد بھی اس نے متعلقہ حکام کو تجدید کی درخواستیں جمع کرائیں، تاہم کوئی حتمی فیصلہ نہ ہونے کے باوجود حکام کی رضامندی سے پارک کی دیکھ بھال اور انتظام جاری رکھا۔ درخواست میں کہا گیا کہ درخواست گزار باقاعدگی سے تمام واجبات اور چالان جمع کراتا رہا ہے اور تفریحی ٹیکس بھی ادا کرتا رہا ہے ۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ 9 اپریل 2026 کو ڈائریکٹر پارکس، ٹاؤن میونسپل کارپوریشن جناح ایسٹ نے ایک نوٹس جاری کیا جس کے ذریعے درخواست گزار کو تفریحی سرگرمیاں بند کرنے اور پارک خالی کرنے کی ہدایت دی گئی۔ درخواست گزار کے مطابق مذکورہ نوٹس کسی پیشگی شوکاز نوٹس، سماعت کے موقع یا قانونی کارروائی کے بغیر جاری کیا گیا جو آئین میں دیے گئے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں