ڈاکٹر فہمیدہ کیس:نجی یونیورسٹی سے متعلق نئے انکشافات

ڈاکٹر فہمیدہ کیس:نجی یونیورسٹی سے متعلق نئے انکشافات

پی ایم ڈی سی نے وائس چانسلر کے تعلیمی معیار کو بھی نامکمل قرار دے دیاوائس چانسلر پروفیسر ظفر کی قابلیت سے متعلق دستاویزات طلب کر لیں

میرپورخاص (بیورورپورٹ ) ڈاکٹر فہمیدہ کیس میں نجی یونیورسٹی سے متعلق نئے انکشافات، پی ایم ڈی سی نے وائس چانسلر کے تعلیمی معیار کو بھی نامکمل قرار دے دیا۔ میرپورخاص کی ایک نجی یونیورسٹی میں ہراسمنٹ کے باعث خودکشی کرنے والی میڈیکل کی طالبہ فہمیدہ لغاری کے کیس میں ایک نیا انکشاف سامنے آیا ہے ۔ ڈی آئی جی میرپورخاص فیصل عبداللہ چاچڑ کی جانب سے تشکیل دی گئی تحقیقاتی ٹیم کے سربراہ ایس ایس پی میرپورخاص سید فدا حسین شاہ نے پی ایم ڈی سی سے حاصل کردہ تفصیلات کے حوالے سے بتایا کہ ابن سینا یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ظفر تنویر جو فہمیدہ کیس میں نامزد ملزموں میں شامل ہیں، عہدے کے لیے درکار تعلیمی معیار پر پورے نہیں اترتے ،کسی بھی وائس چانسلر کے لیے تعلیمی اور انتظامی صلاحیتوں کا لیول 3 ہونا لازمی ہے جبکہ پروفیسر ظفر تنویر کی صلاحیتوں کا درجہ لیول 2 ہے، کسی میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر کی تقرری کے لیے ضروری ہے کہ وہ ایم بی بی ایس، متعلقہ شعبے میں ایف سی پی ایس اور پی ایچ ڈی کی ڈگری رکھتا ہو۔ اس انکشاف کے بعد تحقیقاتی ٹیم کے سربراہ ایس ایس پی سید فدا حسین شاہ نے نجی یونیورسٹی کے چانسلر کو خط لکھ کر وائس چانسلر کی تقرری اور تعلیمی قابلیت سے متعلق دستاویزات طلب کر لی ہیں۔ میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے ایس ایس پی نے کہا کہ یہ ایک اہم معاملہ ہے کیونکہ اس سے قبل فہمیدہ کیس کا مرکزی ملزم عابد لغاری بھی ایک استاد تھا جو میڈیکل یونیورسٹی میں ڈاکٹر اور پروفیسر کی حیثیت سے تدریسی فرائض انجام دے رہا تھا، جو بذات خود ایک بڑا سوالیہ نشان ہے ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں